گنداخہ (یو این اے )ضلع اوستہ محمد اور تحصیل گنداخہ سمیت گردونواح کے علاقوں میں گرمی کی شدت میں غیر معمولی اضافے اور بجلی کی طویل و غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے معمولاتِ زندگی کو شدید متاثر کر دیا ہے۔ شدید درجہ حرارت اور کئی کئی گھنٹوں کی بجلی کی بندش کے باعث شہری گھروں تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں، جبکہ سکون کا فقدان ہونے کی وجہ سے بزرگوں، بچوں اور بیمار افراد کی مشکلات ناقابلِ برداشت ہو چکی ہیں۔ عوامی حلقوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کے ریلیف کے تمام دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں اور متعلقہ ادارے عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں مکمل ناکام نظر آتے ہیں۔بجلی کے اس بحران نے جہاں عام شہریوں کو ذہنی و جسمانی اذیت میں مبتلا کیا ہے، وہیں کاروباری طبقہ بھی سخت پریشان ہے کیونکہ دکانوں اور ورکشاپس میں کام ٹھپ ہونے سے مالی نقصان بڑھتا جا رہا ہے۔ تاجروں اور سماجی رہنماں نے حکومتِ بلوچستان، ضلعی انتظامیہ اور کیسکو حکام سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ لوڈ شیڈنگ کے شیڈول پر فوری نظرثانی کی جائے اور غیر اعلانیہ بندشوں کا خاتمہ یقینی بنایا جائے۔ شہریوں نے اپیل کی ہے کہ زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ اس شدید گرمی کے عالم میں عوام کو کچھ سکھ کا سانس میسر آ سکے۔
You might also like