نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے چینی سفیر جیانگ زی ڈونگ کی دفتر خارجہ میں ملاقات ہوئی جس میں خطے میں پائیدار امن کے لیے مذاکرات پر زور دیا گیا۔
دفتر خارجہ میں ہونے والی ملاقات کے دوران پاک چین ہمہ موسمی سٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری میں پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے پاک چین اقتصادی راہداری، علاقائی رابطوں، تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا، پاکستان اور چین کے زرعی جدیدکاری اور عوامی روابط کے فروغ میں تعاون کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاک چین تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے اعلیٰ سطح روابط کا تسلسل اہم ہے۔
اس موقع پر نئے دور میں پاک چین مشترکہ مستقبل کی کمیونٹی کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، نائب وزیراعظم اور چینی سفیر نے خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا۔