پنجگور (یو این اے )ضلع پنجگور میں بجلی کی تباہ کن اور طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شدت اختیار کر گیا ہے، جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید گرمی میں سخت اذیت کا سامنا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پنجگور کے مختلف علاقوں، بالخصوص سوردو فیڈر میں بجلی کی بندش نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے۔ سوردو فیڈر میں رات 8 بجے ہوتے ہی بجلی بند کر دی جاتی ہے جو پوری رات غائب رہتی ہے، جبکہ دن بھر میں صرف چند گھنٹے بجلی فراہم کی جاتی ہے، جس سے کاروباری اور گھریلو زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ پنجگور کو نیشنل گریڈ سے منسلک کیے جانے کے باوجود حکومت عوام کو بجلی فراہم نہیں کر رہی، جو کہ سراسر زیادتی ہے۔ اس وقت پنجگور سمیت مکران ڈویژن کو ہمسایہ ملک ایران سے بجلی سپلائی کی جا رہی ہے اور ایران کی جانب سے سپلائی میں کوئی تعطل نہیں ہے، لیکن مقامی سطح پر بدانتظامی اور ملکی نظام کے تحت کی جانے والی غیر منصفانہ لوڈشیڈنگ نے عوام کو مچھروں اور گرمی کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔شہریوں نے شکایت کی ہے کہ رات بھر بجلی کی بندش کی وجہ سے لوگ سو نہیں پاتے، جس کا اثر ان کی روزمرہ کی کارکردگی اور صحت پر پڑ رہا ہے۔ سیاسی و سماجی حلقوں نے وفاقی اور صوبائی حکومت سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ پنجگور، بالخصوص سوردو فیڈر کی لوڈشیڈنگ میں فوری کمی لائی جائے اور ایران سے ملنے والی بجلی کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنا کر عوام کی پریشانیوں کا ازالہ کیا جائے۔
You might also like