جامعہ پنجگور میں انتظامیہ کا سگریٹ، چھالیہ اوردیگر نشہ آور اشیاءکے خلاف آپریشن – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

جامعہ پنجگور میں انتظامیہ کا سگریٹ، چھالیہ اوردیگر نشہ آور اشیاءکے خلاف آپریشن

پنجگور(این این آئی)جا معہ پنجگور میں ممنوعہ اشیاء(سگریٹ، گٹکا، شیکر، چھالیہ، ماوا، نسوار اور دیگر نشہ آور اشیاء) کے خلاف ایک بھرپور کارروائی عمل میں لائی گئی۔ اس خاص مہم کی قیادت وائس چانسلر یونیورسٹی آف مکران، پروفیسر ڈاکٹر میر سادات بلوچ نے خود کی، جس کا مقصد یونیورسٹی کو ہر قسم کی منشیات اور غیر صحت بخش اشیاءسے پاک کرنا ہے۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر میر سادات بلوچ کے ہمراہ ڈین ڈاکٹر محمد یونس بلوچ، رجسٹرار آفتاب اسلم بلوچ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اسٹوڈنٹ افیئرز عطا مہر اور سکیورٹی انچارج ماجد علی نے یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات، کلاس رومز، لائبریری اور کینٹین کا تفصیلی دورہ کیا۔ کارروائی کے دوران وائس چانسلر نے خود صفائی کی صورتحال اور نظم و ضبط کا معائنہ کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ تعلیمی ادارے کا ماحول صاف ستھرا اور نشہ آور اشیاءسے پاک ہونا چاہیے تاکہ طلبہ اپنی تمام تر توجہ صرف تعلیم پر مرکوز رکھ سکیں۔اس کارروائی کے نتیجے میں مجموعی طور پر 47 طلبہ کو ان اشیاءکے استعمال اور قبضے پر آخری وارننگ جاری کرتے ہوئے باقاعدہ نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔کارروائی کے دوران انتظامیہ نے ان اشیاءکو قبضے میں لیتے ہوئے واضح کیا کہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کا عمل مزید سخت کر دیا گیا ہے۔ کسی بھی طالب علم کو ان ممنوعہ اشیاءکے استعمال یا قبضے میں ملوث پائے جانے پر پیشگی نوٹس کے بغیر یونیورسٹی سے فارغ (Rusticate) کر دیا جائے گا۔وائس چانسلر یونیورسٹی آف مکران پروفیسر ڈاکٹر میر سادات بلوچ نے طلبہ کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی تمام تر توانائیاں حصولِ علم اور ہم نصابی سرگرمیوں پر صرف کریں تاکہ وہ معاشرے کے ایک کارآمد شہری بن سکیں۔ انہوں نے اسٹوڈنٹ افیئرز ڈپارٹمنٹ اور سکیورٹی آفس کے عملے کو ہدایت دی کہ وہ طلبہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں اور آگاہی مہم کے ذریعے انہیں ان اشیاءکے نقصانات سے باقاعدگی سے آگاہ کریں۔ انتظامیہ کا مقصد طلبہ کو سزا دینا نہیں بلکہ ایک ایسے پاکیزہ اور صحت مند تعلیمی ماحول کی فراہمی ہے جہاں ہر طالب علم بلا خوف و خطر اپنی صلاحیتوں کو نکھار سکے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.