مکران میں گرمی کی شدت میں اچانک اضافہ – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

مکران میں گرمی کی شدت میں اچانک اضافہ

گوادر ( این این آئی ) مکران میں گرمی کی شدت میں اچانک اضافہ، تربت سمیت مختلف علاقے شدید متاثر، تعلیمی اداروں میں قبل از وقت گرمیوں کی چھٹیوں کا مطالبہ مکران ڈویژن میں گرمی کی شدت میں اچانک نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے باعث تربت سمیت ضلع کیچ کے مختلف علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں آچکے ہیں۔ درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے نے معمولاتِ زندگی کو متاثر کر دیا ہے جبکہ شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ چند روز کے دوران درجہ حرارت میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث بازاروں میں رش کم ہوگیا ہے اور لوگ غیر ضروری طور پر گھروں سے نکلنے سے گریز کر رہے ہیں۔ ماہرین صحت نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ دن کے اوقات میں باہر نکلنے سے حتی الامکان اجتناب کریں، زیادہ پانی استعمال کریں اور بچوں و بزرگوں کا خاص خیال رکھیں۔شدید گرمی کے باعث تعلیمی سرگرمیاں بھی متاثر ہونے لگی ہیں۔ والدین اور سماجی حلقوں کی جانب سے حکومت سے مطالبہ کیا جارہا ہے کہ تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات یکم مئی سے شروع کی جائیں تاکہ طلبہ کو اس شدید گرمی سے محفوظ رکھا جاسکے۔ والدین کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں بچوں کا اسکول جانا ان کی صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔دوسری جانب شہریوں نے متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں کمی لائی جائے تاکہ عوام کو اس شدید گرمی میں کچھ ریلیف مل سکے۔واضح رہے کہ مکران کے بیشتر علاقوں میں ہر سال گرمی کی شدت میں اضافہ دیکھنے میں آتا ہے، تاہم اس بار موسم کی شدت نے لوگوں کو قبل از وقت ہی پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔ عوامی حلقوں نے حکومت سے فوری اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ شہریوں کو ممکنہ نقصانات سے بچایا جا سکے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.