میراسراراللہ خان زہری کا سوراب کے ماہرتعلیم ماسٹر علی محمد ریکی کے ناگہانی وفات پراظہارافسوس اورلواحقین سے تعزیت ۔
میراسراراللہ خان زہری کا سوراب کے ماہرتعلیم ماسٹر علی محمد ریکی کے ناگہانی وفات پراظہارافسوس اورلواحقین سے تعزیت ۔
________________________
خضدار(بیورورپورٹ)بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی) کے سربراہ اور سابق سینیٹر نوابزادہ میر اسرار اللہ زہری نے ممتاز ماہرِ تعلیم ماسٹر علی محمد ریکی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی وفات سے ضلع سوراب ایک ایسی علمی، باوقار اور مخلص شخصیت سے محروم ہو گیا ہے جس نے اپنی پوری زندگی تعلیم کے فروغ، نوجوان نسل کی فکری و اخلاقی تربیت اور معاشرے میں شعور بیدار کرنے کے لیے وقف کر رکھی تھی انہوں نے کہا کہ ماسٹر علی محمد ریکی ان اساتذہ میں شمار ہوتے تھے جنہوں نے تدریس کو محض ایک پیشہ نہیں بلکہ ایک قومی و سماجی ذمہ داری سمجھ کر نبھایا۔ ان کی سادہ طرزِ زندگی، خوش اخلاقی، خلوص اور طلبہ کی تعلیم و تربیت سے غیر معمولی وابستگی نے انہیں عوام اور علمی حلقوں میں منفرد مقام عطا کیا۔ ان کے بے شمار شاگرد آج مختلف شعبہ ہائے زندگی میں خدمات انجام دے رہے ہیں جو ان کی محنت، رہنمائی اور کردار سازی کا عملی ثبوت ہیں انہوں نے کہا کہ ایسی شخصیات کا بچھڑ جانا صرف ایک خاندان کا نہیں بلکہ پورے معاشرے کا نقصان ہوتا ہے۔ ماسٹر علی محمد ریکی کی تعلیمی خدمات ان کی شائستگی اور انسان دوستی ہمیشہ قدر و احترام کے ساتھ یاد رکھی جائیں گی جبکہ سوراب کے علمی و تعلیمی حلقے طویل عرصے تک ان کی کمی محسوس کرتے رہیں گےانہوں نے مرحوم کے اہلِ خانہ عزیز و اقارب، شاگردوں اور تمام سوگواران سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنی جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے ان کی لغزشوں سے درگزر کرے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے آمین۔