ضلع کچھی میں سیلاب کی تباہ کاریاں، زمینی رابطہ منقطع – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

ضلع کچھی میں سیلاب کی تباہ کاریاں، زمینی رابطہ منقطع

کوئٹہ : نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری چنگیز حئی بلوچ نے ایک بیان میں ضلع کچھی میں حالیہ بارشوں، ژالہ باری اور سیلابی ریلوں سے ہونے والے نقصانات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی آفت نے علاقے میں بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ہے، جس کے نتیجے میں زمینداروں کی کھڑی فصلیں مکمل طور پر تباہ، مال مویشی ہلاک اور شہریوں کے گھروں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تحصیل بھاگ، ڈھاڈر، مچھ، سنی اور دیگر علاقوں میں بنیادی انفراسٹرکچر بری طرح متاثر ہوا ہے۔چنگیز حئی بلوچ نے خاص طور پر یونین کونسل جلال خان کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کئی روز سے زمینی رابطہ منقطع ہونے کی وجہ سے متاثرہ خاندان شدید مشکلات اور تنہائی کا شکار ہیں۔ رابطہ سڑکیں ٹوٹ جانے کی وجہ سے امدادی سرگرمیوں میں بھی رکاوٹیں پیش آ رہی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سیلاب نے عام عوام کو ناقابلِ تلافی مالی نقصان پہنچایا ہے اور متاثرہ علاقوں میں انسانی المیہ جنم لے رہا ہے، جس کے لیے فوری حکومتی مداخلت کی ضرورت ہے۔انہوں نے حکومتِ وقت اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ تباہ شدہ سڑکوں کی فوری مرمت اور بحالی کو یقینی بنایا جائے تاکہ متاثرہ علاقوں تک رسائی ممکن ہو سکے۔ اس کے علاوہ، انہوں نے زمینداروں کے لیے خصوصی مالی امداد اور زرعی پیکیج فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا تاکہ وہ اپنے پیروں پر کھڑے ہو سکیں۔ چنگیز حئی بلوچ نے خبردار کیا کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو صورتحال مزید سنگین ہو جائے گی، جس کی تمام تر ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوگی۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.