ریاست امن و امان برقرار رکھنے کی اپنی ذمہ داری پوری کرے گی: محسن نقوی ریاست امن و امان برقرار رکھنے کی اپنی ذمہ داری پوری کرے گی: محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے فیڈرل کانسٹیبلری ٹریننگ سینٹر چارسدہ شب قدر کا دورہ کیا، اینٹی رائٹ ونگ کی خصوصی تربیتی مشقوں کا معائنہ کیا اور اہلکاروں کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں، جدید تربیت اور آپریشنل تیاری کو سراہا۔

انہوں نے اینٹی رائٹ ونگ کے اہلکاروں کی مختلف عملی مشقیں دیکھیں، اہلکاروں نے ہجوم کو کنٹرول کرنے، حساس مقامات کے تحفظ، پرتشدد صورتحال سے نمٹنے اور امن و امان برقرار رکھنے سے متعلق اپنی پیشہ وارانہ مہارت کا عملی مظاہرہ کیا۔

 

وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اینٹی رائٹ فورس کو جدید خطوط پر تربیت دی گئی ہے، امن و امان کی کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فورس مکمل طور پر تیار اور بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، ملک کے امن و امان اور استحکام کو کسی صورت سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

 

انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا حق ہے، قانون نے احتجاج کا طریقہ کار واضح طور پر متعین کر رکھا ہے، قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے پرامن احتجاج پر کسی کو اعتراض نہیں، احتجاج کی آڑ میں تشدد، توڑ پھوڑ، سرکاری یا نجی املاک کو نقصان پہنچانے اور امن و امان خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جا سکتی۔

 

ان کا کہنا تھا کہ ریاست امن و امان برقرار رکھنے کی اپنی ذمہ داری پوری کرے گی اور قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا، امن و امان کی موجودہ صورتحال میں فیڈرل کانسٹیبلری کا کردار پورے ملک میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

 

محسن نقوی نے کہا کہ آپ کو ہر قسم کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہونا ہے، اپنی تربیت بھرپور طریقے سے مکمل کریں اور مکمل پیشہ وارانہ تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں، آپ کو بین الاقوامی معیار کا جدید پروٹیکشن گیئر فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ فیلڈ میں آپ کی حفاظت اور آپریشنل استعداد کو یقینی بنایا جا سکے۔

 

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تمام جوانوں کو گیس ماسک فراہم کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ آپ کی تربیت پر خصوصی توجہ دی گئی ہے، ہر طرح کی ٹریننگ محنت، لگن اور مکمل پیشہ وارانہ جذبے کے ساتھ مکمل کریں۔

 

انہوں نے ایف سی ہیڈکوارٹر میں کھیلوں کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عالمی معیار کا سوئمنگ پول بھی بنایا جائے گا۔

 

اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ نے بیرکس کا دورہ کیا، اہلکاروں سے ملاقات کی اور ان سے مسائل دریافت کئے، انہوں نے ایف سی ہیڈکوارٹر میں اہلکاروں کے تمام واش رومز ازسرنو تعمیر کرنے کی ہدایت کی۔

 

وزیر داخلہ نے اہلکاروں سے استفسار کیا کہ آپ نے گزشتہ وزٹ میں لوڈشیڈنگ کا مسئلہ اٹھایا تھا، اب کیا صورتحال ہے؟ جس پر اہلکاروں نے بتایا کہ اب لوڈشیڈنگ نہیں ہوتی اور بلا تعطل بجلی فراہم کی جا رہی ہے، اہلکاروں نے مسئلہ حل کرانے پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔

 

انہوں نے ایک اہلکار کی والدہ کے کینسر کے علاج کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت بھی کی۔

 

بریفنگ میں بتایا گیا کہ زیر تربیت اہلکاروں میں تمام صوبوں سمیت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو نمائندگی حاصل ہے جبکہ تربیتی پروگرام میں پہلی مرتبہ 35 خواتین اہلکار بھی شامل ہیں۔

 

آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری، ڈی آئی جی ٹریننگ، ڈی او ایف سی اور دیگر اعلیٰ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More

https://www.googletagmanager.com/gtag/js?id=G-HFZSG9BN9P