آئی ایم ایف کی منظوری سے گیس سرکلر ڈیٹ 2 سال میں ختم کرنے کی تجویز – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

آئی ایم ایف کی منظوری سے گیس سرکلر ڈیٹ 2 سال میں ختم کرنے کی تجویز

حکومت پاکستان نے گیس سیکٹر کے تقریباً 1500 ارب روپے کے سرکلر ڈیٹ کو آئندہ 3 برس میں ختم کرنے کے لیے ایک جامع منصوبہ تیار کر لیا ہے جس کے لیے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ سے منظوری حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

 

ذرائع کے حوالے سے نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اس منصوبے پر حالیہ مذاکرات کے دوران غور کیا گیا جو 7 ارب ڈالر کے بیل آؤٹ پروگرام کے تحت ہونے والے تیسرے جائزے کا حصہ تھے، تاہم آئی ایم ایف کی جانب سے ابھی تک اس منصوبے پر حتمی منظوری نہیں دی گئی۔

 

حکام کا کہنا ہے کہ حکومت جون سے قبل اس منصوبے کی منظوری حاصل کرنا چاہتی ہے تاکہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں واجب الادا رقم کے تقریباً ایک تہائی حصے کی ادائیگی کے لیے فنڈز مختص کیے جا سکیں۔

 

سرکاری اندازوں کے مطابق گیس سیکٹر کا مجموعی سرکلر ڈیٹ 3 ہزار 400 ارب روپے سے تجاوز کر چکا ہے جس میں تقریباً 1800 ارب روپے اصل رقم شامل ہے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ اس میں سے تقریباً 1500 ارب روپے کی ادائیگی کی جائے جبکہ باقی رقم مختلف قانونی اور مالی معاملات میں زیر التوا ہے۔

 

منصوبے کے تحت تیل و گیس کمپنیوں کو ادائیگی اس شرط پر کی جائے گی کہ وہ تاخیر سے ادائیگی پر عائد ہونے والے تقریباً 1600 ارب روپے کے سرچارجز معاف کر دیں تاکہ مجموعی بوجھ میں کمی لائی جا سکے۔

 

ذرائع کے مطابق حکومت نے اس مقصد کے لیے پیٹرول اور ڈیزل پر فی لیٹر 5 روپے اضافی لیوی عائد کرنے کی تجویز بھی زیر غور رکھی ہے جس سے ماہانہ تقریباً 12 ارب روپے حاصل ہونے کی توقع ہے۔

 

اس کے علاوہ حکومت او جی ڈی سی ایل، پی پی ایل اور گورنمنٹ ہولڈنگز پرائیویٹ لمیٹڈ سے منافع اور اضافی منافع کی مد میں تقریباً 850 ارب روپے حاصل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے جبکہ ایل این جی کی بچت سے تقریباً 400 ارب روپے حاصل کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔

 

حکام کا کہنا ہے کہ مستقبل میں سرکلر ڈیٹ کے دوبارہ اضافے سے بچنے کے لیے گیس کی قیمتوں کا سالانہ بنیادوں پر جائزہ لینے کی تجویز بھی منصوبے کا حصہ ہے تاکہ مالیاتی توازن برقرار رکھا جا سکے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.