پاکستان میں خوف پھیلانے کی کوشش ناکام، افغان طالبان کے ڈرونز تباہ کر دیے گئے – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

پاکستان میں خوف پھیلانے کی کوشش ناکام، افغان طالبان کے ڈرونز تباہ کر دیے گئے

راولپنڈی: پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے افغان طالبان کی جانب سے مبینہ طور پر کیے گئے ڈرون حملوں کی کوشش کو بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا ہے۔

 

میڈیا رپورٹس کے مطابق فورسز کی کارروائی کے دوران ڈرونز کو تباہ کر دیا گیا تاہم ان کا ملبہ گرنے سے مختلف شہروں میں چند شہری زخمی ہو گئے۔

 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق 13 مارچ 2026 کو افغان طالبان نے پاکستان میں خوف و ہراس پھیلانے کی غرض سے ابتدائی نوعیت کے چند ڈرونز استعمال کیے، تاہم سیکیورٹی فورسز نے فوری ردعمل دیتے ہوئے ان ڈرونز کو ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی تباہ کر دیا۔

 

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق ڈرونز کو سافٹ اور ہارڈ کِل طریقوں کے ذریعے ناکارہ بنایا گیا۔ اس کارروائی کے نتیجے میں ڈرونز اپنے مقررہ اہداف تک نہیں پہنچ سکے تاہم تباہ شدہ ڈرونز کا ملبہ زمین پر گرنے سے کچھ شہری زخمی ہو گئے۔

 

اطلاعات کے مطابق کوئٹہ میں ڈرون ملبہ گرنے سے 2 بچے زخمی ہوئے جبکہ کوہاٹ اور راولپنڈی میں ایک ایک شہری کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ زخمی افراد کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی۔

 

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اس قسم کی کارروائیاں عوام میں خوف پیدا کرنے کی کوشش ہیں ۔ یہ افغان طالبان کی دہشت گرد ذہنیت کو ظاہر کرتی ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ ایک طرف افغان طالبان عالمی سطح پر خود کو متاثرہ فریق ظاہر کرتے ہیں جبکہ دوسری جانب پراکسی عناصر اور ڈرونز کے ذریعے شہریوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔

 

بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان کے عوام اور مسلح افواج افغان طالبان کے عزائم سے بخوبی آگاہ ہیں اور ملک کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

 

پاک فوج کے مطابق دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن غضبُ لِلحق اس وقت تک جاری رہے گا جب تک افغانستان کی سرزمین سے پاکستان کے خلاف ہونے والی دہشت گردی کے حوالے سے بنیادی خدشات دور نہیں ہو جاتے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.