وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے مختلف شہروں پر حوثی گروپ انصاراللہ کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے مملکتِ سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی مستقل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
یمن کے حوثی گروپ انصاراللہ کی جانب سے سعودی عرب کے شہروں ابہا، خمیس مشیط، نجران اور جازان میں حملے کیے گئے، جن میں شہری اور اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، حملوں کے نتیجے میں بچوں اور خواتین سمیت 73 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سعودی عرب پر اس نوعیت کے حملے نہ صرف بے گناہ انسانی جانوں کے لیے سنگین خطرہ ہیں بلکہ علاقائی امن و سلامتی کو بھی متاثر کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے اپنی مستقل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔
وزیراعظم نے خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور برادر سعودی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے حملوں میں زخمی ہونے والے تمام افراد کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعا کی۔
شہباز شریف نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان سعودی عرب کے امن، سلامتی اور استحکام کے لیے اپنی حمایت جاری رکھے گا۔
