چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی زیرِ صدارت ایچ بی ایل پی ایس ایل گورننگ کونسل کے اجلاس میں سیزن 12 کے حوالے سے اہم فیصلے کر لیے گئے۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی صدارت میں ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کی گورننگ کونسل کا اجلاس ہوا، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ پی ایس ایل 12 کے پلیئر آکشن کا انعقاد 23 جنوری کو ہوگا، جبکہ لیگ 18 مارچ سے 2 مئی تک ملک کے پانچ سے چھ شہروں میں کھیلی جائے گی۔
اجلاس میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، سی ای او پی ایس ایل سلمان نصیر، فرنچائزز کے نمائندوں اور دیگر آفیشلز نے شرکت کی۔
اجلاس میں طے کیا گیا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے لیے ڈائریکٹ سائننگ 23 اکتوبر سے 23 نومبر کے درمیان ہوگی۔ ہر فرنچائز ایک مارکی کھلاڑی کو براہ راست سائن کر سکے گی، تاہم ڈائریکٹ سائننگ کے لیے شرط رکھی گئی ہے کہ متعلقہ کھلاڑی پی ایس ایل کے گزشتہ دو سیزن میں نہ کھیلا ہو۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل کی کرکٹ ورکشاپ اگلے ہفتے منعقد کی جائے گی، جبکہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے گولڈ اور سلور ایونٹس بھی پی ایس ایل سے پہلے کرائے جائیں گے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل پاکستان میں کرکٹ کا سب سے بڑا اسٹیج ہے۔ گیارہویں سیزن کا اختتام ریکارڈ تعداد میں شائقین کی موجودگی میں ہوا اور اسی مومینٹم کو آگے لے کر چلیں گے۔
محسن نقوی نے کہا کہ اس مرتبہ پی ایس ایل کو زیادہ شہروں میں لے کر جائیں گے۔
دوسری جانب سی ای او پی ایس ایل سلمان نصیر نے کہا کہ آج سے ہر فرنچائز کی ایچ بی ایل پی ایس ایل 12 کے لیے بہترین اسکواڈ بنانے کی دوڑ شروع ہو گئی ہے۔