خضدار: ڈپٹی کمشنر خضدار عبد الرزاق ساسولی کی ہدایات پر محکمہ صحت نے جعلی ڈاکٹروں، عطائی معالجین، غیر رجسٹرڈ کلینکس اور غیر قانونی ادویات کے خلاف خضدار سٹی اور مضافاتی علاقوں میں بھرپور کریک ڈاون کیا۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ افیسر ڈاکٹر عبدالحمید لہڑی کی قیادت میں محکمہ صحت کی خصوصی ٹیم اسسٹنٹ کمشنر نال عبداللہ مینگل اور ڈرگ انسپکٹر عبدالرشید مینگل کے ہمراہ کٹھان، کوشک کانک اور خضدار سٹی کے مختلف جگہوں پر متعدد نجی کلینکس اور طبی مراکز کا اچانک معائنہ کیا۔کارروائی کے دوران قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے 10 جعلی کلینکس کو موقع پر سیل کر دیا گیا، جبکہ مختلف طبی مراکز میں موجود ادویات، رجسٹریشن اور طبی سہولیات کے قانونی و معیاری تقاضوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبدالحمید لہڑی نے واضح کیا کہ عوام کی صحت اور زندگی سے کھیلنے والے عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ جعلی ڈاکٹرز، عطائی معالجین، غیر رجسٹرڈ کلینکس اور غیر قانونی ادویات کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ مزید تیز کیا جائے گا۔ڈاکٹر عبدالحمید لہڑی نے کہا کہ محکمہ صحت کی اولین ترجیح صحت عامہ کا تحفظ اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ہے۔ ضلع بھر میں غیر قانونی طبی سرگرمیوں کے خاتمے کے لیے بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کی قیادت میں ہونے والی اس کارروائی کو محکمہ صحت کی جانب سے صحت عامہ کے تحفظ کے لیے ایک موثر اور عملی اقدام قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ آئندہ بھی ضلع کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی کلینکس، عطائی ڈاکٹروں اور غیر معیاری ادویات کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
You might also like
