ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان کی زیر صدارت تین اہم اجلاس، امن و امان، سیکیورٹی انتظامات اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ
ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان کی زیر صدارت تین اہم اجلاس، امن و امان، سیکیورٹی انتظامات اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ
ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے کہا ہے کہ ضلع میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے، سیکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنانے اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو باہمی رابطوں اور مؤثر حکمت عملی کے تحت اپنی ذمہ داریاں ادا کرنا ہوں گی، عوام کے جان و مال کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی انتظامیہ کے افسران اور انٹیلی جنس اداروں کے نمائندگان کی شرکت سے منعقدہ تین الگ الگ اجلاسوں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی، ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کوآرڈینیشن کمیٹی اور ڈسٹرکٹ امپلیمنٹیشن کمیٹی کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاسوں میں ضلع جعفرآباد میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، سیکیورٹی انتظامات، مشتبہ سرگرمیوں کی نگرانی اور حکومتی ہدایات پر عمل درآمد سمیت مختلف اہم امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر غیر قانونی اسپیکٹرم سے متعلق BISA ڈیش بورڈ کی تازہ کاری، تعلیمی اداروں میں قومی ہدایات کے نفاذ، تخریبی سرگرمیوں میں پریس اور سوشل میڈیا کے ممکنہ استعمال، سرکاری ملازمین کی ایسی سرگرمیوں میں مبینہ شمولیت اور سرکاری سہولیات کے غیر قانونی استعمال کی نگرانی سے متعلق معاملات زیر بحث آئے۔ اجلاس میں ضلع جعفرآباد کے حوالے سے دہشت گردوں، انتشار پسند عناصر اور فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی نقشہ سازی اور پروفائلنگ، ریلوے ٹریک، بس اڈوں اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی تنصیبات کی سیکیورٹی، جبکہ ضلع کے اہم مقامات کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ مزید برآں سلامتی کو درپیش خطرات، امن و امان کی صورتحال، دینی مدارس کی رجسٹریشن، غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی حیثیت، کرایہ داروں کی رجسٹریشن اور غیر مقامی مزدوروں کے تحفظ سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاسوں میں ایرانی تیل، منشیات اور غیر قانونی اسپیکٹرم کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے متعلقہ اداروں کے درمیان رابطوں کو مؤثر بنانے اور نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر خالد خان نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ اجلاسوں میں زیر بحث امور پر سنجیدگی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے، حساس مقامات کی سیکیورٹی کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے، مشتبہ سرگرمیوں کی بروقت نشاندہی کرکے متعلقہ اداروں کو آگاہ کیا جائے اور حکومتی ہدایات پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے تاکہ ضلع میں امن و امان برقرار رکھنے، شہریوں کے تحفظ اور قانون کی بالادستی کے لیے مربوط اور مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔