ہرنائی: ضلع ہرنائی میں ضلعی انتظامیہ نے ایک بار پھر اپنی بروقت حکمتِ عملی اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوئٹہ، ہرنائی قومی شاہراہ کو تمام چھوٹی اور بڑی گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے مکمل طور پر بحال کر دیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر ہرنائی ارشد حسین جمالی کی خصوصی ہدایات پر کی جانے والی اس ہنگامی کارروائی کے نتیجے میں چپر لیفٹ کے مقام پر پھنسے ہوئے سینکڑوں مسافروں کو شدید مشکلات سے نجات مل گئی ۔چپر لیفٹ کے انتہائی دشوار گزار اور حساس مقام پر کوئلے سے لدا ہوا ایک ہیوی ٹرک اچانک الٹ گیا، جس کے باعث کوئٹہ اور ہرنائی کو ملانے والی مرکزی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی مکمل طور پر معطل ہو کر رہ گئی۔ حادثے کے فوری بعد روڈ کے دونوں جانب چھوٹی بڑی گاڑیوں، مسافر بسوں اور مال بردار ٹرکوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور مسافروں خصوصاً خواتین، بچوں اور مریضوں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر ہرنائی کی سخت ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ADC) ہرنائی محمد سلیم ترین اور ایکسین بی اینڈ آر امین اللہ مندوخیل نے بھاری مشینری اور متعلقہ عملے کے ہمراہ بلا تاخیر جائے وقوعہ کا دورہ کیا۔ ضلعی افسران نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا اور ہنگامی بنیادوں پر ریسکیو و روڈ کلی¿رنس کا کام شروع کروایا۔ بی اینڈ آر کی تکنیکی ٹیموں اور انتظامی عملے نے رات کے اندھیرے میں مسلسل محنت کرتے ہوئے حادثے کا شکار ٹرک اور سڑک پر پھیلا ہوا ملبہ ہٹایا۔ضلعی انتظامیہ اور محکمہ بی اینڈ آر کی ان تھک محنت اور مربوط حکمتِ عملی کے نتیجے میں رات 11 بجے تک قومی شاہراہ کو تمام قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر صاف اور محفوظ بنا دیا گیا۔ روڈ کھلم کھلے ہی شاہراہ پر معطل شدہ ٹریفک بحال ہو گئی اور مسافر اپنی منزلوں کی جانب روانہ ہو گئے۔عوام اور مسافروں نے ضلعی انتظامیہ ہرنائی، بالخصوص ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد سلیم ترین اور ایکسین بی اینڈ آر کی اس بروقت اور عوامی خدمت پر مبنی کارروائی کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔
You might also like

