ہرنائی ‘مرغی کے گوشت میں کیڑے مکوڑوں کی نشاندہی ‘ انتظامیہ حرکت میں آ گئی – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

ہرنائی ‘مرغی کے گوشت میں کیڑے مکوڑوں کی نشاندہی ‘ انتظامیہ حرکت میں آ گئی

ہر نا ئی( آئی این پی )گزشتہ روز سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے گردش کر رہی تھی جس میں ہرنائی کے مقامی "مبارک ہوٹل” میں فروخت کیے جانے والے مرغی کے گوشت (پیس) میں کیڑے مکوڑوں کی موجودگی کی نشاندہی کی گئی تھی۔ ویڈیو وائرل ہوتے ہی شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا گیا، جس پر اعلیٰ حکام نے فوری ایکشن لینے کے احکامات جاری کیے۔ڈپٹی کمشنر ہرنائی ارشد حسین جمالی کی خصوصی احکامات کی روشنی میں ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ آپریشن سبی ڈویژ ن نجیب اللہ ترین نے اپنی فنی ٹیم اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہرنائی محمد سلیم ترین کے ہمراہ مذکورہ ہوٹل پر چھاپہ مارا اور صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ معائنے کے دوران ہوٹل کے کچن میں صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات پائے گئے اور ویڈیو میں دکھائی گئی شکایت کی موقع پر تصدیق ہو گئی۔انتظامیہ نے عوامی صحت کو خطرے میں ڈالنے اور فوڈ سیفٹی قوانین کی سنگین خلاف ورزی پر مبارک ہوٹل کو فوری طور پر سیل کر دیا اور مالکان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد سلیم ترین اور ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ کا کہنا تھا کہ انسانی زندگیوں سے کھیلنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ڈپٹی کمشنر ہرنائی کی خصوصی ہدایت پر تمام ہوٹلوں اور کھانے پینے کے مراکز کی مانیٹرنگ سخت کر دی گئی ہے۔ شہریوں کو معیاری اور صاف ستھری غذا کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی بھی بااثر شخص یا ادارے کے ساتھ رعایت نہیں برتی جائے گی۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.