گوگل کی جانب سے سرچ انجن کے ہوم پیج پر شاذ و نادر ہی تبدیلی کی جاتی ہے۔
تو جب کمپنی کی جانب سے ایسا کیا جاتا ہے تو یہ واقعی اہم ہوتا ہے۔
درحقیقت بظاہر یہ چھوٹی مگر اہم اپ ڈیٹ وہاں کی جا رہی ہے جہاں ہم گوگل پر آن لائن سرچز کرتے ہیں۔
اینڈرائیڈ اتھارٹی کی ایک رپورٹ کے مطابق گوگل کی جانب سے مسلسل صارفین کے لیے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی فیچرز متعارف کرائے جا رہے ہیں۔
اب کمپنی کی جانب سے سرچ ہوم پیج پر اے آئی پر مبنی تبدیلی کی جا رہی ہے اور ری ڈیزائن ہوم پیج کی آزمائش محدود صارفین میں کی جا رہی ہے۔
کمپنی کی جانب سے روایتی گوگل سرچ بٹن کو متعدد اے آئی فیچرز کے شارٹ کٹس سے تبدیل کیا گیا ہے۔
گوگل سرچ ہوم پیج کا یہ نیا ورژن محدود صارفین کو دیکھنے میں آیا ہے، جہاں گوگل کے روایتی سرچ بٹن کی بجائے 3 اے آئی فیچرز بٹن کرئیٹ امیجز، آسک اباؤٹ فائلز اور برین اسٹروم کو دی گئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ نیا ڈیزائن کچھ ایسے صارفین کو دیکھنے میں آیا ہے جو سائن ان ہوئے بغیر گوگل ہوم پیج پر گئے تھے۔
کرئیٹ بٹن پر کلک کرکے وہ نانو بنانا سے تصاویر تیار کروا سکتے ہیں، آسک اباؤٹ فائلز آپشن سے فائلز اپ لوڈ کرکے ان کے بارے میں سوالات پوچھے جاسکتے ہیں جبکہ برین اسٹروم سے کسی موضوع پر گوگل سے تبادلہ خیال کیا جاسکتا ہے۔
گوگل سرچ کے نائب صدر روبی اسٹین نے ایک ایکس (ٹوئٹر) پوسٹ میں اس بات کی تصدیق کی کہ محدود صارفین میں اس تبدیلی کی آزمائش کی جا رہی ہے۔
ان کے مطابق گوگل سرچ بٹن کی تبدیلی سے بنیادی سرچنگ پر اثرات مرتب نہیں ہوں گے۔
ابھی یہ کہنا مشکل ہے کہ اسے کب تک تمام صارفین کے لیے متعارف کرایا جاسکتا ہے۔

