خضدار، اسمارٹ لاک ڈان کا فیصلہ، تمام تجارتی مراکز رات 8 اور ہوٹل 10 بجے بند ہوں گے – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

خضدار، اسمارٹ لاک ڈان کا فیصلہ، تمام تجارتی مراکز رات 8 اور ہوٹل 10 بجے بند ہوں گے

خضدار (یو این اے )حکومت بلوچستان کی ہدایت پر ملک بھر کی طرح خضدار میں بھی توانائی بچت پالیسی کے تحت سمارٹ لاک ڈان کے نفاذ کے حوالے سے ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت اسسٹنٹ کمشنر خضدار حفیظ اللہ کاکڑ نے کی، جس میں انجمن تاجران خضدار کے صدر حافظ حمید اللہ، شہری ایکشن کمیٹی کے صدر بشیر احمد جتک، جانی پٹھان، ہوٹل ایسوسی ایشن کے صدر سعید احمد مینگل اور دیگر حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں مشاورت کے بعد متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ توانائی کی بچت کے پیش نظر تمام عام مارکیٹیں اور تجارتی مراکز رات 8:00 بجے لازمی بند کر دیے جائیں گے، جبکہ ہوٹل ایسوسی ایشن کی درخواست پر ریسٹورنٹس اور کیفے کے لیے رات 10:00 بجے تک کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر حفیظ اللہ کاکڑ نے شرکا کو بتایا کہ توانائی کا بحران ایک قومی مسئلہ ہے اور حکومتی احکامات پر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔انجمن تاجران اور شہری ایکشن کمیٹی کے نمائندوں نے ملکی مفاد میں حکومتی اقدامات کی حمایت کرتے ہوئے انتظامیہ کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری مقررہ اوقات کی پابندی کرے گی۔ انتظامیہ نے واضح کیا کہ توانائی کی بچت وقت کی اہم ضرورت ہے، لہذا تمام تاجر اور ہوٹل مالکان تعاون کریں تاکہ کسی بھی قانونی یا ناخوشگوار کارروائی کی نوبت نہ آئے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.