پنجگور(یو این اے )جامعہ مکران(یونیورسٹی آف مکران)میں تعلیمی سیشن 2026 کے نئے آنے والے طلبہ کو خوش آمدید کہنے اور انہیں یونیورسٹی کے ماحول، قوانین اور تعلیمی نظام سے ہم آہنگ کرنے کے لیے سہ روزہ اورینٹیشن پروگرام کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ پروگرام کے پہلے دن کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر میر سادات بلوچ نے کی، جنہوں نے نئے طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ اعلی تعلیم کا مقصد صرف ڈگری کا حصول نہیں بلکہ یہ طلبہ کی کردار سازی اور ان کی فکری صلاحیتوں کو جلا بخشنے کا ایک اہم مرحلہ ہے۔ تقریب میں ڈین پروفیسر ڈاکٹر محمد یونس بلوچ، ایڈیشنل رجسٹرار منیر احمد اور دیگر اعلی حکام نے بھی شرکت کی۔افتتاحی سیشن کے دوران اسٹوڈنٹ افیئرز آفس کی جانب سے یونیورسٹی کے وژن اور مشن کا تفصیلی تعارف پیش کیا گیا، تاکہ طلبہ ادارے کے تعلیمی معیار اور مستقبل کے اہداف کو بہتر طور پر سمجھ سکیں۔ دوسرے مرحلے میں طلبہ کو یونیورسٹی کے ضابطہ اخلاق اور نظم و ضبط کے بارے میں آگاہ کیا گیا، جس کا مقصد انہیں کیمپس کے اندر اخلاقی حدود اور ایک تعمیری تعلیمی ماحول برقرار رکھنے کی ذمہ داریوں سے روشناس کرانا تھا۔پروگرام کے آخری حصے میں طلبہ کو سمسٹر سسٹم، امتحانی ضوابط، حاضری کی اہمیت اور گریڈنگ پالیسی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس بریفنگ کا مقصد طلبہ کو پہلے دن ہی سے تعلیمی حکمت عملی اور امتحانات کی تیاری کے لیے ذہنی طور پر تیار کرنا تھا۔ اورینٹیشن کا پہلا دن نہایت کامیاب رہا اور یہ سلسلہ اگلے دو روز تک جاری رہے گا، جس میں طلبہ کو اسکالرشپس، لائبریری، لیبارٹریز اور دیگر کیمپس سہولیات سے متعلق مزید آگاہی فراہم کی جائے گی۔