اورماڑہ (یو این اے )ساحلی شہر اورماڑہ میں آوارہ اور بیمار کتوں کی بھرمار نے شہریوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے، جہاں گزشتہ ایک ماہ کے دوران خواتین اور بچوں سمیت 6 افراد کتوں کے حملوں کا شکار ہو کر ہسپتال پہنچ گئے۔ رورل ہیلتھ سینٹر (آر ایچ سی) اورماڑہ کے فارماسسٹ محمد حسین نے میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے تصدیق کی کہ حالیہ دنوں میں ڈاگ بائٹ کے 6 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جنہیں فوری طور پر ہسپتال میں طبی امداد اور ریبیز سے بچا کی ویکسین (Anti-Rabies) فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے اطمینان ظاہر کیا کہ تمام متاثرین کو بروقت ویکسینیشن کے عمل سے گزار لیا گیا ہے جس سے ان کی زندگیوں کو لاحق خطرات ٹل گئے ہیں۔شہریوں کی جانب سے بڑھتی ہوئی شکایات اور خوف و ہراس کے پیش نظر میونسپل کمیٹی اورماڑہ نے باقاعدہ طور پر آوارہ اور بیمار کتوں کو ٹھکانے لگانے کی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ انتظامیہ کا موقف ہے کہ یہ اقدامات عوامی تحفظ بالخصوص بچوں اور بزرگوں کی سلامتی کے لیے اٹھائے جا رہے ہیں۔ دوسری جانب شہر کے سماجی حلقوں اور شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اس مہم کو مزید تیز اور منظم کیا جائے تاکہ اسکول جانے والے بچوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے اور شہر کو ان خطرناک کتوں سے مکمل پاک کیا جا سکے۔