تہران : ایران نے کہاہے کہ اگر امریکا نے زمینی حملہ کیا تو ان کے فوجی شارک مچھلیوں کی خوراک بنیں گے۔
خاتم الانبیا ہیڈکوارٹرز کے ترجمان ابراحیم ذوالفقاری نے ایران پر زمینی حملے سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ایسا اقدام امریکی افواج کے لیے شدید ذلت آمیز نتائج کا باعث بنے گا اور انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی زمینی کارروائیوں اور خلیج فارس کے جزائر پر قبضے سے متعلق بار بار دی جانے والی دھمکیوں کا حوالہ دیتے ہوئے مذکورہ منصوبوں کو حقیقت سےعاری قرار دیا۔
لیفٹیننٹ کرنل ابراہیم ذوالفقاری نے اپنے مخصوس انداز میں خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی ممکنہ زمینی حملے یا قبضے کی کوشش کی صورت میں ’امریکی فوجی خلیجِ فارس کی شارک مچھلیوں کی خوراک بن جائیں گے۔
ترجمان نے کہا کہ امریکی قیادت نے فوج کی کمان ایسے فرد کے سپرد کر دی ہے جس کے فیصلوں نے امریکی افواج کو بدترین دلدل میں دھکیل دیا ہے اور خطے میں موجود امریکی فوجیوں کو روزانہ کی بنیاد پر سنگین خطرات کا سامنا ہے۔
امریکی قیادت پر زور دیتےہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ایران کی تاریخ کا مطالعہ کریں اور ماضی میں غیر ملکی حملہ آوروں کے ساتھ ہونے والے تجربات سے سبق سیکھیں اور خبردار کیا کہ غلط فیصلے امریکی افواج کے بڑے پیمانے پر جانی نقصان کا سبب بن سکتے ہیں۔