تربت (این این آئی) ہائر ایجوکیشن کمیشن کے زیر اہتمام منعقدہ آل بلوچستان انٹر یونیورسٹی فٹبال چیمپئن شپ 2026 میں یونیورسٹی آف تربت کی فٹبال ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل تک رسائی حاصل کی اور پورے ٹورنامنٹ میں اپنی بہترین کھیل سے سب کی توجہ حاصل کر لی۔یہ چیمپئن شپ لسبیلہ یونیورسٹی آف ایگریکلچر، واٹر اینڈ میرین سائنسز، اوتھل کے فٹبال گراو¿نڈ میں منعقد ہوئی، جہاں یونیورسٹی آف تربت کی ٹیم نے اپنے سفر کا آغاز فاتحانہ انداز میں کیا۔ پہلے میچ میں تربت یونیورسٹی نے میر چاکر خان رند یونیورسٹی، سبی کی ٹیم کو چار صفر سے شکست دے کر اپنی واضح برتری ثابت کردی۔ اس میچ میں سعد اسماعیل نے دو جبکہ شہاب عارف اور جہانزیب اعجاز نے ایک، ایک گول اسکور کیا۔سیمی فائنل میں یونیورسٹی آف تربت کا مقابلہ بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسزکوئٹہ سے ہوا، جو انتہائی دلچسپ اورسنسنی خیز ثابت ہوا۔ دونوں ٹیموں نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر متعدد حملے کیے، تاہم مقررہ وقت تک کوئی ٹیم گول نہ کر سکی۔ بالآخر ٹورنامنٹ میں بہتر گول اوسط کی بنیاد پر یونیورسٹی آف تربت کی ٹیم کو فاتح قرار دے دیا گیا اور یوں تربت یونیورسٹی نے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔26 اپریل 2026 کو فائنل میں یونیورسٹی آف تربت کا مقابلہ میزبان لسبیلہ یونیورسٹی کی ٹیم سے ہوا، جو ایک انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلہ ثابت ہوا۔ پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں نے جارحانہ کھیل پیش کیا۔یونیورسٹی آف تربت کی جانب سے زیشان نور نے شاندار گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی، تاہم لسبیلہ یونیورسٹی نے جلد ہی گول برابر کر دیا۔دوسرے ہاف میں بھی دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا اور کھلاڑیوں نے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر بھرپور حملے کیے، مگر کوئی بھی ٹیم فیصلہ کن برتری حاصل نہ کر سکی۔ مقررہ وقت کے اختتام تک میچ برابر رہا، جس کے بعد میچ کا فیصلہ پنالٹی ککس پر ہوا جس میں لسبیلہ یونیورسٹی نے کامیابی حاصل کر لی۔ ٹورنامنٹ میں غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر تربت یونیورسٹی کی ٹیم کے شاہان غنی کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیاگیا۔ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر شاندار کارکردگی کامظاہرہ کرنےپر یونیورسٹی آف تربت کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن، پرو وائس چانسلر ڈاکٹر کمال احمد، انچارج اسپورٹس مظہر گچکی، فیکلٹی ممبران، انتظامی عملے اور طلبہ نے کھلاڑیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ وائس چانسلر نے ٹیم کے مثبت رویے، نظم و ضبط، ٹیم ورک اور کھیل کے جذبے کو سراہتے ہوئے اسے ادارے کے لیے باعث فخر قرار دیا۔اس موقع پر وائس چانسلر نے اپنے پیغام میں کہا کہ تربت یونیورسٹی میں کھیلوں کے فروغ اور مثبت سرگرمیوں کے لیے ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یونیورسٹی میں جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ ہم نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں کو بھی فروغ دیا جائے گا تاکہ طلبہ کو قومی سطح پر اپنی تخلیقی صلاحیتوں کے اظہار کے بھرپور مواقع میسرآسکیں۔
You might also like