امریکی فرم نے فائیو جی نیلامی کی رپورٹ حکومت کو پیش کر دی – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

امریکی فرم نے فائیو جی نیلامی کی رپورٹ حکومت کو پیش کر دی

فائیو جی اسپیکٹرم نیلامی کے لیے مقرر کردہ امریکی کنسلٹنٹ نے اپنی رپورٹ حکومت کو پیش کر دی ہے، مگر عدالتوں میں وکلا کی ہڑتال کے باعث اسپیکٹرم ایڈوائزری کمیٹی (ایس اے سی) کا اجلاس ہفتے کے روز نہیں ہو سکا، تاہم، وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام پُراعتماد ہے کہ وہ وزیرِاعظم شہباز شریف کی جانب سے مقرر کردہ 15 فروری کی ڈیڈلائن تک عمل مکمل کر لے گی۔ نیلامی کے عمل کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ 2 ہزار 600 میگا ہرٹز بینڈ سے متعلق عدالت میں ایک مقدمہ ہے، جس کا فیصلہ ہفتے کے روز سنائے جانے کی توقع تھی، تاہم وکلا کی ہڑتال کے باعث مؤخر ہو گیا، وزارتِ آئی ٹی کے ایک سینئر اہلکار کے مطابق اب یہ فیصلہ آئندہ ہفتے متوقع ہے۔

کنسلٹنٹ کی رپورٹ پہلے ہی دو اہم وجوہات کی بنا پر تاخیر کا شکار تھی، ایک وجہ عدالت کا زیرِ التوا فیصلہ اور دوسری وجہ ٹیلی نار پاکستان کا پی ٹی سی ایل کے ساتھ جاری انضمام، مسابقتی کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) کی منظوری کے بعد اس وقت موبائل ٹیلی کام مارکیٹ میں صرف 3 آپریٹر موجود ہیں۔

امریکی کنسلٹنسی فرم نیشنل اکنامک ریسرچ ایسوسی ایٹس انک (این ای آر اے) نے اپنی حتمی رپورٹ جمعے کے روز ایس اے سی کے اجلاس میں پیش کی، اجلاس کی صدارت وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے کی تھی، جب کہ چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن (پی ٹی اے)، فریکوئنسی ایلوکیشن بورڈ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر، اور جی ایچ کیو و آئی ایس آئی کے نمائندے بھی موجود تھے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.