وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ ببری ہنہ اڑک کے عوام نے دہشت گردوں کا جس بہادری اور جرات سے مقابلہ کیا وہ قابلِ تحسین ہے
کوئٹہ، 12 جولائی :وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ ببری ہنہ اڑک کے عوام نے دہشت گردوں کا جس بہادری اور جرات سے مقابلہ کیا وہ قابلِ تحسین ہے، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے اور ریاست اپنے عوام کو ہر قیمت پر تحفظ فراہم کرے گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو ببری ہنہ اڑک کے دورے کے موقع پر شہداء کے لواحقین سے تعزیت، فاتحہ خوانی اور اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کا درد وہ خود بھی محسوس کرتے ہیں کیونکہ ان کے اپنے خاندان نے بھی اس جنگ میں بھاری قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنے خاندان کے قریبی افراد سمیت متعدد عزیزوں کو دہشت گردی کی نذر ہوتے دیکھا ہے اور ان کے اپنے چھوٹے بھائی سمیت اہلِ خانہ بھی دہشت گردی کا نشانہ بن چکے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حالیہ دنوں میں قبائلی رہنماء میر شفیق الرحمٰن مینگل کے گھر پر حملہ، چادر اور چار دیواری کے تقدس کی پامالی اور دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائی اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ عناصر بلوچستان کے امن، روایات اور سماجی اقدار کے دشمن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میر شفیق الرحمٰن مینگل نے جس بہادری سے حملہ آوروں کا مقابلہ کیا، اسی طرح ببری ہنہ اڑک کے عوام نے بھی دہشت گردوں کا ڈٹ کر سامنا کیا۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ فتنۃ الہندوستان اور بھارت کے ایجنٹ بلوچستان میں خوف و ہراس پھیلانا چاہتے ہیں، لیکن ریاست، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور بلوچستان کے عوام متحد ہو کر ان کے ناپاک عزائم کو ناکام بنائیں گے وزیر اعلیٰ نے متاثرہ خاندانوں کو یقین دلایا کہ اب اپنی حفاظت کی ذمہ داری انہیں خود اٹھانے کی ضرورت نہیں، کیونکہ یہ حکومت کی آئینی اور قانونی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گی اور دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی۔
