ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی قلت کی خبریں بے بنیاد ہیں، پی ایس او کی وضاحت – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی قلت کی خبریں بے بنیاد ہیں، پی ایس او کی وضاحت

کراچی: پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) نے ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی ممکنہ قلت سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام میں بلاوجہ تشویش پھیلانے کے لیے غلط معلومات پھیلائی جا رہی ہیں جبکہ حقیقت میں ملکی سطح پر ایندھن کا وافر ذخیرہ موجود ہے۔

 

کمپنی کی جانب سے وزارتِ پیٹرولیم اور متعلقہ اداروں کو ارسال کی گئی تفصیلی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سرکاری سطح پر پیٹرول اور ڈیزل کا 20 دن سے زائد کا ذخیرہ موجود ہے۔

 

رپورٹ کے مطابق نجی آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے پاس موجود اسٹاک اس کے علاوہ ہے جس سے مجموعی سپلائی کی صورتحال مزید بہتر ہو جاتی ہے۔

 

پی ایس او کے مطابق ملک میں ڈیزل کی تقریباً 80 فیصد ضرورت مقامی ریفائنریز کی پیداوار سے پوری کی جا رہی ہے جس سے ایندھن کی فراہمی میں تسلسل برقرار ہے۔

 

حکام کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات کے باوجود سپلائی چین کو مستحکم رکھنے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

 

کمپنی کے مطابق رواں ماہ کے دوران عمان سے پیٹرول کے 2 کارگوز خریدے جا چکے ہیں جو شیڈول کے مطابق پاکستان پہنچ چکے ہیں۔ اس کے علاوہ حکومتی تعاون سے سعودی عرب کی توانائی کمپنی سعودی ارامکو سے بھی پیٹرول کا ایک کارگو حاصل کیا گیا ہے۔

 

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اپریل کے پہلے ہفتے کے لیے پیٹرول کا ایک اور جہاز خرید لیا گیا ہے جبکہ 10 مارچ کو کھولے گئے ٹینڈر کے تحت 25 اپریل تک ایک اور کارگو حاصل ہونے کی توقع ہے۔

 

پی ایس او کے مطابق مختلف ٹینڈرز پر موصول ہونے والی بولیوں کا جائزہ لے کر آئندہ مہینوں کے لیے درآمدی حکمت عملی طے کی جائے گی۔

 

حکام کا کہنا ہے کہ آنے والے زرعی سیزن اور اسٹریٹیجک ذخائر کو مدنظر رکھتے ہوئے متبادل آپشنز پر بھی کام جاری ہے تاکہ کسی ممکنہ رکاوٹ کی صورت میں بھی ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی متاثر نہ ہو۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.