مسلم لیگ (ن) کے رہنما نہال ہاشمی کو گورنر سندھ تعینات کرنے کا فیصلہ – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

مسلم لیگ (ن) کے رہنما نہال ہاشمی کو گورنر سندھ تعینات کرنے کا فیصلہ

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما نہال ہاشمی کو گورنر سندھ تعینات کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

 

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق حکومت نے مسلم لیگ کے سینئر رہنما نہال ہاشمی کو گورنر سندھ مقرر کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، اس سلسلے میں وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کی جانب سے باقاعدہ سمری منظوری کے لیے صدرِ مملکت آصف علی زرداری کو ارسال کر دی گئی ہے۔

 

وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے نہال ہاشمی سے ملاقات بھی کی جس کے دوران انہیں گورنر سندھ کی ذمہ داری سونپے جانے پر مبارکباد دی گئی۔

 

اعلامیے کے مطابق اس موقع پر ہونے والی ملاقات میں مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت کے اہم رہنما بھی موجود تھے جن میں وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ خان، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور دیگر شخصیات شامل تھیں۔

 

نہال ہاشمی طویل عرصے سے مسلم لیگ (ن) کی سیاست سے وابستہ ہیں اور مختلف اہم عہدوں پر خدمات انجام دیتے رہے ہیں۔ وہ 1997 سے 1999 تک سابق وزیراعظم نواز شریف کے دورِ حکومت میں مشیر برائے قانون و انصاف کی حیثیت سے ذمہ داریاں ادا کر چکے ہیں۔

 

بعد ازاں 2012 میں نہال ہاشمی کو کراچی میں مسلم لیگ (ن) کا صدر مقرر کیا گیا جہاں انہوں نے پارٹی کو منظم کرنے میں کردار ادا کیا۔ اگست 2014 میں انہیں سندھ میں مسلم لیگ (ن) کے تنظیمی ڈھانچے میں اہم ذمہ داری دیتے ہوئے صوبائی جنرل سیکریٹری مقرر کیا گیا۔

 

سیاسی سفر کے اگلے مرحلے میں 2015 میں انہیں مسلم لیگ (ن) کی جانب سے پنجاب کی نشست پر سینیٹ کے لیے نامزد کیا گیا اور وہ ایوانِ بالا کے رکن منتخب ہوئے۔ اب حکومت نے انہیں سندھ کا آئینی سربراہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

 

واضح رہے کہ اس وقت سندھ کے گورنر کا منصب ایم کیو ایم پاکستان سے تعلق رکھنے والے کامران خان ٹیسوری کے پاس ہے، تاہم نئی تقرری کے بعد صوبے کے اس اہم آئینی عہدے پر تبدیلی متوقع ہے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.