امریکا نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایران سے جنگ ختم کرنے کے لیے روس کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد کو ویٹو کر دیا۔
سلامتی کونسل میں روس کی پیش کردہ جنگ بندی کی قرارداد منظور نہ ہو سکی۔ قرارداد کے حق میں 4 جبکہ مخالفت میں 2 ووٹ ڈالے گئے اور 9 ارکان اجلاس میں غیر حاضر رہے۔
دوسری جانب سلامتی کونسل نے ایران کی جانب سے پڑوسی ممالک پر حملوں کے خلاف ایک اور قرارداد منظور کر لی، جس میں ایران سے خلیجی ریاستوں پر حملے روکنے کا مطالبہ کیا گیا۔
خلیجی ممالک کی تیار کردہ قرارداد کے حق میں 13 ووٹ آئے جبکہ ایران کے حملوں کی مذمت سے متعلق اس قرارداد پر چین اور روس غیر حاضر رہے۔ پاکستان نے بھی خلیجی ممالک کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد کے حق میں ووٹ دیا۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ایران کے حملے عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔