کیلیفورنیا: امریکی کمپنی اوپن اے آئی نے اپنا جدید اے آئی ماڈل چیٹ جی پی ٹی 5.4 متعارف کروا دیا ہے۔
اوپن اے آئی کے مطابق جی پی ٹی 5.4 کوڈ لکھنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے، جس کے ذریعے یہ کمپیوٹر کو کنٹرول کر سکتا ہے اور اسکرین شاٹس کے جواب میں کی بورڈ اور ماؤس کے احکامات دے سکتا ہے۔ یہ ویب براؤزر اور دیگر ٹولز یا اے پی آئیز کے ساتھ بھی بہتر انداز میں کام کرتا ہے۔
اوپن اے آئی نے اس کے ساتھ چیٹ جی پی ٹی 5.4 پرو بھی متعارف کرایا ہے، جو خاص طور پر پیچیدہ اور پیشہ ورانہ کاموں کے لیے زیادہ کارآمد ہے۔
نئے ماڈل کی مدد سے صارفین سپریڈشیٹس، پریزنٹیشنز اور دستاویزات میں بہتر کارکردگی دیکھ سکتے ہیں اور مختلف سافٹ ویئرز میں مؤثر طریقے سے کام مکمل کر سکتے ہیں۔ اس ماڈل میں ویب سرچ اور بڑے سیاق و سباق کی معلومات پروسیسنگ کی بہتر صلاحیت بھی شامل ہے۔
چیٹ جی پی ٹی 5.4 تھنکنگ ورژن صارفین کو جواب دینے سے پہلے سوچنے اور اپنی منطق سمجھانے کی اجازت دیتا ہے، اور دورانِ جواب ہدایات بدلنے کی سہولت بھی دیتا ہے۔