پاکستانی شوبز انڈسٹری سے وابستہ میزبان اور اداکارہ متھیرا نے اپنی عمر اور کاسمیٹک پروسیجرز سے متعلق کھل کر اظہارِ خیال کیا ہے۔
انسٹاگرام پر 26 لاکھ سے زائد فالوورز رکھنے والی متھیرا اپنی بے باک اور دوٹوک شخصیت کے باعث خاصی معروف ہیں۔
متھیرا ایک سنگل مدر ہیں اور اپنے 3 بیٹوں کی پرورش کر رہی ہیں جنہوں نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی عمر اور خوبصورتی سے متعلق کروائے گئے مختلف طبی و کاسمیٹک پروسیجرز پر گفتگو کی۔
اپنی عمر کے حوالے سے متھیرا نے کہا کہ میں سچ بولوں گی، میری عمر 34 سال ہے، میرا خیال ہے کہ میں ایک بھرپور شخصیت کی مالک ہوں اور آج بھی لوگوں کی توجہ حاصل کر سکتی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ جوانی زندگی کا ایک حصہ ہے، کوئی ہمیشہ جوان نہیں رہ سکتا، مشہور ہونا قسمت کی بات ہوتی ہے، ہر کوئی شہرت حاصل نہیں کرتا، مجھے انڈسٹری میں کسی نے متعارف نہیں کرایا، میں نے اپنی شناخت خود بنائی ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ مجھے اپنے مستقبل یا بڑھتی عمر کی فکر نہیں اور نہ ہی وزن پر ہونے والی تنقید سے کوئی فرق پڑتا ہے، میں عوامی شخصیت ہوں، لیکن اپنی نجی زندگی سے بھی محبت کرتی ہوں۔
متھیرا نے اعتراف کیا کہ میں نے چند کاسمیٹک پروسیجرز بھی کروائے ہیں، میں نے ناک کی سرجری کروائی، کیونکہ ایک حادثے کے باعث میری ناک کی ہڈی ٹیڑھی ہو گئی تھی، یہ سرجری میں نے ترکیہ میں کروائی، اس کے علاوہ میں کبھی کبھار فلرز یا بوٹوکس بھی کرواتی ہوں، تقریباً 15 سال پہلے میں نے معمولی لیپوسیکشن بھی کروائی تھی۔
انہوں نے کہا کہ خواتین اتنی آسانی سے بوڑھی نہیں ہوتیں، شکیرا کو ہی دیکھ لیں، وہ آج بھی بہترین انداز میں کام کر رہی ہیں، ہمارے معاشرے میں خواتین کی بڑھتی عمر کو غیر ضروری طور پر منفی انداز میں پیش کیا جاتا ہے، جیسے عمر ڈھلنا کوئی شرم کی بات ہو۔
