Daily Mashriq
Mashriq Newspaper

پاکستان میں معاشی استحکام کیلئے محتاط پالیسی، اصلاحات ناگزیر : نمائندہ آئی ایم ایف

آئی ایم ایف کے نمائندے ڈاکٹر ماہر بینجی نے کہا ہے کہ پاکستان میں معاشی استحکام کےلئے محتاط مالیاتی پالیسی، سخت مانیٹری نظم و ضبط اور جاری اصلاحات ناگزیر ہیں۔

وفاقی دارالحکومت میں سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ماہر بینجی کا کہنا تھا کہ مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی، عالمی و پاکستانی معیشت کے لیے خطر ہ ہے، تنازع سے توانائی کی منڈیاں متاثر ہورہی ہیں جو عالمی منڈی میں تیل کے دام بڑھنے کا سبب ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ مشرق وسطی تنازع تجارتی راستے اور مالیاتی حالات کو بری طرح متاثر کر رہا ہے، پاکستان کا آئی ایم ایف پروگرام درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے، معاشی جھٹکوں سے نمٹنے کےلئے بہتر تیاری کی ضرورت ہے۔

نمائندہ آئی ایم ایف کا کہنا تھا کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ 2026 کے دوران عالمی معاشی ترقی کو نمایاں طور پر سست کر دے گی، مشرق وسطی تنازع سے پاکستان سمیت تیل درآمد کرنے والے ممالک کو مشکلات حالات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ڈاکٹر ماہر بینجی نے کہا کہ توانائی و خوراک کی بڑھتی قیمتوں، ترسیلاتِ زر میں ممکنہ کمی اور سخت مالیاتی حالات جیسے سنگین خطرات ہوں گے، پاکستان میں معاشی استحکام کےلئے محتاط مالیاتی پالیسی، سخت مانیٹری نظم و ضبط اور جاری اصلاحات ناگزیر ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ مشرق وسطی کے حالات کے باعث عالمی ترسیل کے نظام، خوراک اور کھاد کی قیمتوں پر بھی منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں، مشرق وسطی تنازع سے خطے میں معاشی ترقی کی رفتار سست پڑ گئی ہے، مشرق وسطی تنازع طویل ہونے سے مزید تنزلی کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔

نمائندہ آئی ایم ایف نے کہا کہ پاکستان کو معاشی استحکام برقرار رکھنے، مالیاتی اور بیرونی ذخائر کو مضبوط بنانے کے لیے پرعزم رہے، مہنگائی سے کمزور طبقات کے تحفظ کےلئے سبسڈیز کے بجائے ٹارگٹڈ اور عارضی اقدامات اپنانا ہوں گے۔

ڈاکٹر ماہر بینجی کا مزید کہنا تھا کہ معیشت کو زیادہ مضبوط اور لچکدار بنانے کیلئے تجارتی راستوں میں وسعت، اہم بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری کی ضرورت ہے، پاکستان علاقائی تعاون کے فروغ، اور نجی شعبے کی قیادت میں جامع ترقی کو یقینی بنانے پر زور دے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More