پاکستان کی دفاعی تاریخ قربانی، شجاعت اور قومی یکجہتی کی روشن مثالوں سے عبارت ہے‘ میر سرفراز بگٹی

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے یوم دفاع پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 6 ستمبر ہماری قومی تاریخ کا وہ دن ہے جو ہمیں اپنی مسلح افواج اور قوم کے ان عظیم سپوتوں کی بے مثال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے مادر وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ 1965ءکی جنگ میں پاک فوج کے افسران اور جوانوں نے غیر معمولی بہادری اور عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا۔ قوم آج بھی شہداءاور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے جنہوں نے وطن کی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے تاریخ رقم کی۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاکستان کی دفاعی تاریخ قربانی، شجاعت اور قومی یکجہتی کی روشن مثالوں سے عبارت ہے۔ ملک کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداءقوم کے محسن ہیں اور پوری قوم ان کے خاندانوں کو قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں دفاع وطن کا تقاضا صرف سرحدوں کی حفاظت تک محدود نہیں بلکہ قومی اتحاد، معاشی استحکام، تعلیم، ترقی اور امن کے فروغ سے بھی جڑا ہوا ہے۔ ایک مضبوط، مستحکم اور خوشحال پاکستان ہی ہماری آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان کے عوام نے بھی ہمیشہ پاکستان کی سلامتی اور استحکام کے لیے قربانیاں دی ہیں۔ صوبے کے شہداءنے ملک کے دفاع اور امن کے قیام کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور ان کی قربانیاں قومی تاریخ کا ناقابل فراموش حصہ ہیں۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی ہماری سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ قوم اپنے شہداءکی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دے گی اور امن و استحکام کے لیے متحد ہو کر آگے بڑھے گی۔انہوں نے کہا کہ یوم دفاع ہمیں یہ عہد کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم قومی یکجہتی کو مضبوط کریں گے، پاکستان کی خودمختاری اور سلامتی کا ہر قیمت پر دفاع کریں گے اور ملک کو ترقی، خوشحالی اور امن کی منزل کی جانب لے جانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے شہداءکے درجات کی بلندی، غازیوں کی سلامتی اور پاکستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے دعا بھی کی۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More

https://www.googletagmanager.com/gtag/js?id=G-HFZSG9BN9P