وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے دہشت گردی کو صوبےکے لیے بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئےکہا ہے کہ پنجاب کو پڑوسی ملک سے نہیں دیگر صوبوں سے آنے والی دہشت گردی سے خطرہ ہے، صوبےکے امن وامان پرکوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائےگا۔
لاہور میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس ہب کی لانچنگ تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ صوبےکے عوام اللہ تعالی کے بعد ان کی جانب دیکھ رہے ہیں۔ سکیورٹی تھریٹ پر پنجاب کی سکیورٹی پر اربوں روپے خرچ کر رہے ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ مجھے ہمسایہ ممالک سے کم، ہمسایہ صوبوں سے زیادہ خطرہ ہے۔ کچےکا علاقہ کئی دہائیوں سے جرائم کا گڑھ بنا ہوا تھا، فوج اور سندھ حکومت کی مدد سے کچےکے علاقے میں حالات قابو میں ہیں، صوبے کے بارڈر ایریا سے تھریٹ آتی ہیں جن کے خاتمے کے لیے اب جوائنٹ چیک پوسٹوں کو مضبوط بنایا ہے، انٹیلیجینس ہب سکیورٹی اداروں کے درمیان رابطہ کاری کا اہم مرکز ہوگا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ جرائم کی صورتحال پر قابو پانا اور منظم جرائم سے نمٹنا بہت بڑا چیلنج تھا۔ پنجاب میں دن دیہاڑے پانچ پانچ قتل کر دیے جاتے تھے۔ بچوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات بڑے اذیت ناک ہیں۔موٹر سائیکل سواروں کے لیے ہیلمٹ کی پابندی مشکل فیصلہ تھا۔ اب جو کوئی موٹر سائیکل سوار بغیر ہیلمٹ نظر آتا ہے تو پکڑا جاتا ہے۔
مریم نواز نے صوبے میں کرپشن کے خلاف بلا امتیاز کارروائی سے خبردار کرتے ہوئے پنجاب میں دیگر صوبوں کے مقابلے میں کرپشن کم ہونےکا دعویٰ کیا اورکہا کہ لگتا ہے بدقسمتی سے بحیثیت قوم کرپشن ہم میں سرایت کر چکی ہے، کرپشن کو برائی نہیں روٹین کا حصہ سمجھا جاتا ہے، جہاں بھی کرپشن ہوگی معاف نہیں کیا جائےگا۔
