اوستہ محمد( آئی این پی ) ضلع اوستہ محمد میں شدید گرمی کے دوران کیسکو کی جانب سے اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے سلسلے نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا بجلی کی طویل بندش سے معمولاتِ زندگی متاثر ہونے کے ساتھ گھروں دکانوں اور کاروباری مراکز میں شدید گرمی کے باعث صورتحال اذیت ناک ہوگئی ہے۔شہریوں اور عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ضلع اوستہ محمد اس وقت شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے اور ایسے موسم میں بجلی کی طویل بندش نے عوام کی مشکلات دوچند کردی ہیں۔ دن کے اوقات میں گھروں اور کاروباری مراکز میں شدید گرمی و حبس جبکہ رات کے اوقات میں بجلی کی بندش کے باعث بچوں بزرگوں اور خواتین کو بالخصوص مشکلات کا سامنا ہے۔ شہریوں کے مطابق بجلی کی عدم دستیابی سے مچھروں کی افزائش اور یلغار میں بھی اضافہ ہوگیا ہے جس سے مختلف بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔عوامی حلقوں نے کہا کہ شدید گرمی میں طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ عوام کے لیے ناقابلِ برداشت بن چکی ہے۔ بجلی کی بندش سے پانی کی فراہمی، گھریلو امور، کاروباری سرگرمیاں اور طلبہ کی پڑھائی بھی متاثر ہورہی ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا کہ اگر کسی تکنیکی خرابی یا مجبوری کے باعث بجلی بند کرنا ضروری ہو تو اس کا واضح شیڈول جاری کیا جائے اور بلاجواز غیر اعلانیہ بندش سے گریز کیا جائے۔عوامی حلقوں نے چیف ایگزیکٹو کیسکو، وزیراعلی بلوچستان اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اوستہ محمد میں جاری اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے بجلی کی فراہمی میں بہتری لائی جائے، خصوصا شدید گرمی کے پیش نظر لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں فوری کمی اور غیر اعلانیہ بندش کا سلسلہ ختم کیا جائے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بجلی کی مناسب فراہمی یقینی بنا کر انہیں شدید گرمی اور حبس سے کچھ ریلیف دیا جائے تاکہ وہ رات کے اوقات میں سکون سے آرام کرسکیں۔
You might also like

