تربت میں پی ٹی سی ایل فائبر آپٹیکل صارفین سست انٹرنیٹ اور شکایات کے ازالے میں تاخیر سے پریشان

تربت: پی ٹی سی ایل کی جانب سے فائبر آپٹیکل کے ذریعے تیز رفتار انٹرنیٹ سروس کی فراہمی کے دعووں کے باوجود صارفین کو سست رفتار انٹرنیٹ اور شکایات کے بروقت ازالے میں مبینہ تاخیر کا سامنا ہے، جس پر صارفین نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور پی ٹی سی ایل کے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔مقامی صارفین کے مطابق تربت میں فائبر آپٹیکل سروس کے آغاز کے بعد انہیں ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ پیکیجز کے نام پر ماہانہ بل تو وصول کیے جا رہے ہیں، تاہم عملی طور پر انٹرنیٹ کی رفتار اکثر انتہائی کم رہتی ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ دن کے اوقات میں انٹرنیٹ کی رفتار بعض اوقات 5 ایم بی پی ایس سے بھی کم ہو جاتی ہے، جبکہ انہیں 20 اور 50 ایم بی پی ایس کے پیکیجز فراہم کیے جا رہے ہیں۔صارفین کے مطابق انٹرنیٹ لائن یا رفتار میں خرابی کی صورت میں پی ٹی سی ایل کی ہیلپ لائن 1218 پر شکایت درج کرائی جاتی ہے، جہاں ابتدائی طور پر 24 سے 48 گھنٹوں میں مسئلہ حل کرنے کی یقین دہانی کرائی جاتی ہے، تاہم متعدد شکایات کے باوجود تکنیکی عملہ بروقت موقع پر نہیں پہنچتا اور شکایات مبینہ طور پر کئی دنوں بلکہ ہفتوں تک زیرِ التوا رہتی ہیں۔صارفین نے شکایت کی ہے کہ پی ٹی سی ایل فائبر آپٹیکل سروس کی تشہیر پر بھاری اخراجات کیے جا رہے ہیں، لیکن سروس کی فراہمی، انٹرنیٹ کی مطلوبہ رفتار اور شکایات کے فوری ازالے کے حوالے سے صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ آج کے دور میں تعلیم، کاروبار، فری لانسنگ، سرکاری و نجی اداروں اور روزمرہ زندگی کی بنیادی ضرورت بن چکا ہے، اس لیے سروس میں مسلسل خرابی اور شکایات کے حل میں غیرضروری تاخیر صارفین کے لیے شدید مشکلات کا باعث بن رہی ہے۔متاثرہ صارفین نے مطالبہ کیا ہے کہ تربت سمیت ہر علاقے میں فائبر آپٹیکل صارفین کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے خصوصی ریسپانس ٹیمیں تشکیل دی جائیں، جبکہ تربت میں تعینات متعلقہ عملے کو پابند کیا جائے کہ وہ صارفین کی شکایات پر فوری کارروائی کرتے ہوئے تکنیکی مسائل مقررہ وقت کے اندر حل کریں۔ صارفین نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ سروس کی بندش یا طویل تعطل کی صورت میں صارفین کو بل میں مناسب رعایت دی جائے اور جن رفتار کے پیکیجز فروخت کیے جا رہے ہیں، عملی طور پر وہی رفتار فراہم کرنے کو یقینی بنایا جائے۔صارفین نے وفاقی وزیرِ انفارمیشن ٹیکنالوجی، پی ٹی اے اور پی ٹی سی ایل کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ تربت میں فائبر آپٹیکل سروس سے متعلق شکایات کا فوری نوٹس لے کر صورتحال کا جائزہ لیں اور صارفین کو درپیش مسائل کے مستقل حل کے لیے مو¿ثر اقدامات اٹھائیں۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. AcceptRead More

https://www.googletagmanager.com/gtag/js?id=G-HFZSG9BN9P