قلات، پاک چین دوستی کی 75 ویں سالگرہ پر پروقار تقریب اور ریلی کا انعقاد – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

قلات، پاک چین دوستی کی 75 ویں سالگرہ پر پروقار تقریب اور ریلی کا انعقاد

قلات (یو این اے)ملک بھر کی طرح قلات میں بھی پاک چین دوستی کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ایک پروقار ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس کی قیادت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شاہ نواز بلوچ نے کی۔ ریلی میں ڈی ایس پی ماہیوال، ایس ایچ او سٹی حبیب الرحمن بابئی، انجمن تاجران کے صدر میر منیر احمد شاہوانی، زمیندار رہنما حاجی عزیز مغل، میر عبدالصمد عمرانی سمیت سیاسی و قبائلی عمائدین، سرکاری افسران اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ریلی ڈی سی کمپلیکس سے شروع ہو کر شہر کی مختلف شاہراہوں بشمول شاہی دربار روڈ، ہسپتال روڈ اور ہربوئی روڈ سے ہوتی ہوئی واپس ڈی سی کمپلیکس پر اختتام پذیر ہوئی۔ اس موقع پر پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے انتہائی سخت اور موثر انتظامات کیے گئے تھے۔ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شاہ نواز بلوچ نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات باہمی اعتماد، اخلاص اور لازوال دوستی کی ایک ایسی مثال ہیں جس کی نظیر نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کا ساتھ دے کر ثابت کیا ہے کہ یہ رشتہ وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہو رہا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یہ دوستی آنے والے وقتوں میں مزید مضبوط ہوگی اور دونوں برادر ممالک ترقی و خوشحالی کی نئی منازل طے کریں گے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.