اسلام آباد: پاکستان نے لبنان میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصانات اور بنیادی ڈھانچے کی تباہی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان اقدامات کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے واضح کیا کہ یہ کارروائیاں نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں بلکہ خطے کے امن کو بھی شدید خطرے میں ڈال رہی ہیں۔
لبنان کی موجودہ صورتحال پر دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان لبنانی حکومت اور وہاں کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کرتا ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ لبنانی ریاست کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور وہاں قیام امن کے لیے پاکستان ہر ممکن سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ حکومت پاکستان کا ماننا ہے کہ کشیدگی کا خاتمہ ہی خطے میں استحکام لانے کا واحد راستہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے لبنان میں جاری جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور اسے خطے کے لیے باعثِ تشویش قرار دیا۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ خطے میں دیرپا امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے جنگ بندی کے معاہدے کا مکمل احترام اور اس کا مؤثر نفاذ ناگزیر ہے۔
دونوں وزرائے خارجہ نے اتفاق کیا کہ بین الاقوامی برادری کو اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے فوری طور پر جنگ بندی کو یقینی بنانا چاہیے تاکہ مزید جانی نقصان کو روکا جا سکے۔
رابطے کے دوران اسحاق ڈار نے پائیدار امن کے قیام کے لیے پاکستان کی جانب سے کی جانے والی سفارتی کوششوں پر سعودی عرب کی مسلسل حمایت کو سراہا۔
دونوں ممالک نے عزم ظاہر کیا کہ وہ خطے میں امن کی بحالی اور جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے باہمی مشاورت اور عالمی سطح پر اپنا کردار ادا کرنا جاری رکھیں گے۔