بارکھان، ایران امریکہ جنگ بندی پر صوبائی وزیر عبدالرحمن کھیتران کی کال پر جشن، روایتی بلوچی رقص چھاپ پیش
بارکھان(یو این اے )ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی (سیز فائر)کے قیام کے لیے پاکستان کے مخلصانہ اور مثر کردار پر ضلع بارکھان کی عوام نے صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھیتران کی اپیل پر بھرپور جشن منایا۔ اس موقع پر بارکھان کے شہریوں کا جوش و خروش دیدنی تھا، جنہوں نے بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل کر ڈھول کی تھاپ پر روایتی بلوچی رقص (چھاپ) پیش کیا اور اپنی خوشی کا اظہار کیا۔ سردار عبدالرحمن کھیتران کی کال پر منعقدہ اس جشن میں عوام نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف کی امن کوششوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور عالمی سطح پر پاکستان کے بڑھتے ہوئے قد پر فخر کا اظہار کیا۔جشن کے دوران بارکھان کی فضا "پاکستان زندہ باد” اور "پاک فوج زندہ باد” کے فلک شگاف نعروں سے گونجتی رہی۔ نوجوانوں نے ڈھول بجا کر اور رقص کر کے اس کامیابی کو یادگار بنایا، جبکہ بوڑھے اور بچے بھی اس جشن کا حصہ بنے۔ شرکا کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر امن کے قیام کے لیے پاک فوج اور حکومتِ پاکستان کا یہ اقدام قابلِ فخر ہے اور پاکستان نے ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر اپنا لوہا منوایا ہے۔ اس موقع پر سردار عبدالرحمن کھیتران نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بارکھان کی عوام ہمیشہ ریاست اور افواجِ پاکستان کی پشت پر کھڑی ہے اور ملک کی سالمیت کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔