امریکی صدر کی جانب سے جنگ بندی کے اعلان کے بعد ایران نے بھی اہم پیشرفت کرتے ہوئے آبنائے ہرمز کو تمام ممالک کیلئے دو ہفتوں کیلئے کھولنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس پیشرفت کو خطے میں کشیدگی کم کرنے کی بڑی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے قومی سلامتی کونسل کے منظور کردہ بیان میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے خطے میں امن کے قیام کیلئے مسلسل کوششیں کیں۔
انہوں نے بتایا کہ ایران نے وزیراعظم شہباز شریف کی اپیل اور 15 نکاتی تجاویز کی روشنی میں امریکا کی جانب سے مذاکرات کی درخواست قبول کر لی ہے جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی ایران کی 10 نکاتی تجاویز کے مجموعی فریم ورک پر آمادگی ظاہر کر چکے ہیں۔
عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ اگر ایران پر حملے بند کر دیے جائیں تو ایرانی افواج بھی اپنی دفاعی کارروائیاں روک دیں گی، اس پیشرفت کا مقصد کشیدگی کو مزید بڑھنے سے روکنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی فوج سے رابطے کے بعد آبنائے ہرمز سے دو ہفتوں کیلئے محفوظ راستہ فراہم کیا جائے گا تاہم اس دوران کچھ تکنیکی شرائط کو مدنظر رکھنا ضروری ہوگا۔