ایران امریکا جنگ بندی کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ تیزی – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

ایران امریکا جنگ بندی کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ تیزی

کراچی: ایران اور امریکا کے مابین جنگ بندی کے اعلان کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی دیکھی گئی ہے۔

 

خطے میں کشیدگی کے بادل چھٹنے سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے جس کے باعث کے ایس ای 100 انڈیکس میں تاریخی 12 ہزار سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے۔

 

بازارِ حصص میں تیزی کی لہر اتنی شدید تھی کہ کے ایس ای 30 انڈیکس میں 5 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے نتیجے میں انتظامیہ کو حفاظتی اقدامات کے تحت کاروباری سرگرمیاں کچھ وقت کے لیے معطل کرنا پڑیں۔ بعدازاں ٹریڈنگ بحال ہونے پر تیزی کا تسلسل برقرار رہا۔

 

اس مثبت تبدیلی کے پیچھے پاکستان کی موثر سفارت کاری اور خطے میں جنگ کے خطرات کا ٹلنا اہم عوامل ہیں۔ ماہرین معاشیات کا کہنا ہے کہ ایران اور امریکا کے مابین 2 ہفتوں کی مشروط جنگ بندی نے عالمی منڈیوں کے خوف کو ختم کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

 

جنگ بندی کے اثرات عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں واضح کمی کی صورت میں ظاہر ہوئے ہیں۔ برینٹ کروڈ کی قیمت میں 15 فیصد سے زائد کمی واقع ہوئی ہے، جبکہ امریکی مارکیٹ میں خام تیل بھی سستا ہو گیا ہے، جس سے توانائی بحران کے خدشات کافی حد تک کم ہوئے ہیں۔

 

یاد رہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے دوران آبنائے ہرمز میں جہاز رانی متاثر ہونے سے تیل کی سپلائی لائن خطرے میں پڑ گئی تھی، جس سے عالمی منڈیوں میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہوئی تھی۔ اب حالات معمول پر آنے سے ایشیائی مارکیٹس میں بھی تیزی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے۔

 

آج جنگ بندی کا اعلان ہوتے ہی جاپان کے نکئی 225 انڈیکس اور جنوبی کوریا کے کوسپی انڈیکس میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

 

معاشی ماہرین کے مطابق اگرچہ تیل کی قیمتیں اب بھی تنازع شروع ہونے سے پہلے کی سطح سے کچھ بلند ہیں، تاہم جنگ بندی کے معاہدے سے عالمی معیشت کو سنبھلنے کا بہترین موقع ملا ہے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.