ایران کا پاکستان کی کامیاب سفارتکاری پر شکریہ ادا، ثالثی کردار کردار کی تعریف – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

ایران کا پاکستان کی کامیاب سفارتکاری پر شکریہ ادا، ثالثی کردار کردار کی تعریف

تہران: ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے خطے میں قیام امن کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے جنگ کے خاتمے کے لیے انتہائی مؤثر کردار ادا کیا ہے۔

 

عباس عراقچی نے کہا کہ اگر ایران کے خلاف بیرونی جارحیت اور حملے روک دیے جائیں تو ایرانی افواج بھی اپنی جوابی کارروائیاں فوری طور پر معطل کر دیں گی۔ پاکستان کی جاری کوششیں علاقائی کشیدگی کو کم کرنے میں انتہائی اہمیت کی حامل ثابت ہو رہی ہیں۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ 2 ہفتوں کے دوران آبنائے ہرمز سے محفوظ آمدورفت کو ممکن بنایا جائے گا۔ یہ اقدام ایرانی مسلح افواج کے ساتھ مکمل رابطے اور تکنیکی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اٹھایا جائے گا تاکہ تجارتی گزرگاہوں پر کشیدگی کو کم کیا جا سکے اور بحری ٹریفک رواں رہے۔

 

ایران نے جاری بحران کے حل اور مستقل امن کے لیے مذاکرات کی میز پر 10 نکاتی تجاویز بھی پیش کی ہیں۔ ان تجاویز میں سب سے اہم مطالبہ یورینیم افزودگی کے حق کو عالمی سطح پر تسلیم کرنا ہے۔ اس کے علاوہ ایران نے اپنے اوپر عائد تمام معاشی پابندیاں فوری ختم کرنے پر زور دیا ہے۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ ایران مستقبل میں کسی بھی ممکنہ جارحیت کے خلاف مضبوط اور ٹھوس سیکیورٹی ضمانتوں کا متلاشی ہے۔

 

تجزیہ کاروں کے مطابق یہ تجاویز اس بات کی عکاس ہیں کہ تہران اب سفارتی ذرائع سے معاملات کو سلجھانے کے لیے سنجیدہ ہے اور عالمی طاقتوں سے دو ٹوک معاہدے کا خواہشمند ہے۔

 

علاوہ ازیں پاکستان کی جانب سے کی جانے والی ثالثی کو عالمی سطح پر بھی سراہا جا رہا ہے کیونکہ اس سے خطے میں ایک بڑی جنگ کے خطرات کم ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔ ان کوششوں کے مثبت اثرات سے خطے میں اقتصادی استحکام اور پرامن بقائے باہمی کے امکانات روشن ہوئے ہیں جس سے عالمی برادری میں بھی اطمینان پایا جاتا ہے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.