اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ امریکا اور ایران نے اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر لبنان سمیت خطے کے دیگر حصوں میں فوری جنگ بندی پر اتفاق کر لیا ہے۔ اس پیش رفت کو عالمی امن کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم نے اس تاریخی فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی قیادت کا یہ اقدام ان کی دانشمندی اور دور اندیشی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ جنگ بندی کا نفاذ فوری طور پر عمل میں لایا جا چکا ہے جس سے خطے میں کشیدگی میں بڑی کمی آئے گی۔
شہباز شریف نے اس عمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ امریکا اور ایران نے غیر معمولی فہم و فراست کا مظاہرہ کرتے ہوئے خطے میں استحکام کے لیے تعمیری کردار ادا کیا ہے۔ اس پیش رفت سے عالمی سطح پر امن کی بحالی کے لیے امید کی ایک نئی کرن پیدا ہوئی ہے۔
تمام تصفیہ طلب امور اور دیرینہ تنازعات کے حتمی حل کے لیے وزیراعظم نے امریکا اور ایران کے اعلیٰ سطحی وفود کو 10 اپریل 2026 کو اسلام آباد میں مذاکرات کی دعوت دی ہے۔
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ یہ مذاکرات خطے میں پائیدار امن کے حصول کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوں گے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے خطے میں امن اور خوشحالی کا خواہاں رہا ہے اور اس مقصد کے لیے اپنی ذمہ داریاں نبھاتا رہے گا۔ اسلام آباد میں ہونے والی یہ بات چیت آنے والے دنوں میں خطے کے لیے مزید مثبت پیش رفت کا باعث بنے گی۔
عالمی مبصرین اس پیش رفت کو سفارت کاری کی ایک بڑی کامیابی قرار دے رہے ہیں جس کے اثرات نہ صرف مشرق وسطیٰ بلکہ پوری دنیا پر مرتب ہوں گے۔
پاکستان کی جانب سے کی گئی یہ مصالحتی کوششیں خطے میں جاری کشیدہ صورتحال کو ختم کرنے میں کلیدی ثابت ہو رہی ہیں۔
واضح رہے کہ خطے میں کشیدہ ترین صورت حال کے دوران پاکستان کی جانب سے کامیاب سفارت کاری کے نتیجے میں امریکا ایران جنگ بندی عمل میں آئی ہے۔