علی لاریجانی کی شہادت پر ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور صدر مسعود پزشکیان کا دوٹوک مؤقف سامنے آگیا – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

علی لاریجانی کی شہادت پر ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور صدر مسعود پزشکیان کا دوٹوک مؤقف سامنے آگیا

 عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ اس نظام میں ہر فرد اپنی ذمہ داری اور حیثیت کے مطابق کردار ادا کرتا ہے، اس لیے کسی ایک شخصیت کے چلے جانے سے ریاستی طاقت کمزور نہیں ہوتی۔

 

انہوں نے امریکا اور اسرائیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یہ حقیقت سمجھ لینی چاہیے کہ اس نوعیت کے اقدامات ایران کو کمزور نہیں کرسکتے۔

 

دوسری جانب ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے اپنے بیان میں شہید علی لاریجانی کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید ایک نہایت باصلاحیت، باوقار اور قیمتی شخصیت کے حامل رہنما تھے، جنہوں نے مختلف اہم عہدوں پر خدمات انجام دیں اور اپنی بصیرت و تجربے سے ملک و قوم کی رہنمائی کی۔

 

مسعود پزشکیان نے کہا کہ علی لاریجانی نے خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ کے لیے نمایاں کردار ادا کیا اور ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

 

ایرانی صدر نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ علی لاریجانی کی شہادت رائیگاں نہیں جائے گی اور اس کا سخت جواب دیا جائے گا، ایران اپنے شہداء کے خون کا حساب ضرور لے گا اور دشمن کو اس اقدام کی قیمت چکانا پڑے گی۔

 

یاد رہے کہ ایران نے قومی سلامتی کے مشیر علی لاریجانی کی شہادت کی تصدیق کر دی ہے، اسرائیل نے ایک روز قبل دعویٰ کیا تھا کہ اس نے ایران کی اہم شخصیت اور قومی سلامتی کے مشیر علی لاریجانی کو نشانہ بنایا ہے۔ مختلف رپورٹس کے مطابق تہران میں ایک خفیہ مقام پر اسرائیلی فضائیہ کے جنگی طیاروں نے کارروائی کی، جس میں علی لاریجانی کو ہدف بنایا گیا، وہ تہران کے مشرقی علاقے میں اپنی بیٹی سے ملاقات کے لیے گئے ہوئے تھے جب ان پر یہ حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں وہ اور ان کے بیٹے مرتضیٰ شہید ہو گئے۔

 

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی حکام نے اس واقعے میں علی لاریجانی کے بیٹے مرتضیٰ کی شہادت کی بھی تصدیق کر دی ہے، اس سے قبل علی لاریجانی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے ایک جذباتی اور ہاتھ سے تحریر کردہ پیغام جاری کیا گیا تھا، جس میں شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور قربانیوں کو سراہا گیا۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.