کراچی: پاک فضائیہ کے عظیم ہیرو اور ستارہ جرات یافتہ پائلٹ ایم ایم عالم کی تیرہویں برسی آج انتہائی عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے۔
پوری قوم اپنے اس جری سپوت کو خراجِ عقیدت پیش کر رہی ہے جنہوں نے دفاعِ وطن کے لیے اپنی بہادری کی لازوال داستان رقم کی تھی۔
ایم ایم عالم نے ستمبر 1965 کی پاک بھارت جنگ کے دوران سرگودھا کے محاذ پر ناقابلِ یقین کارنامہ سرانجام دیا۔ انہوں نے دشمن کے 5 بھارتی ہنٹر طیارے ایک منٹ سے بھی کم وقت میں مار گرائے، جن میں سے 4 طیارے تو صرف 30 سیکنڈ کے قلیل وقفے میں تباہ ہوئے۔
یہ کارنامہ آج بھی عالمی جنگی تاریخ میں ایک منفرد ریکارڈ کے طور پر تسلیم کیا جاتا ہے۔ اس تاریخی فضائی معرکے کے دوران انہوں نے ایف 86 سیبر طیارہ استعمال کیا۔ پوری جنگ کے دوران انہوں نے مجموعی طور پر 11 دشمن طیاروں کو نشانہ بنایا جن میں سے 9 مکمل تباہ ہوئے۔
ایم ایم عالم کی اس شاندار پیشہ ورانہ مہارت اور ان کی اس کامیابی کے پیچھے وطن سے بے پناہ محبت اور جذبۂ حب الوطنی کارفرما تھا جس نے ناممکن کو ممکن کر دکھایا اور دشمن کے حوصلے پست کر دیے۔
حکومت پاکستان نے ان کی بے مثال جرات اور بہادری کے اعتراف میں انہیں ملک کے تیسرے بڑے فوجی اعزاز ستارہ جرات سے نوازا۔ ان کی زندگی ہمت اور شجاعت کی ایسی روشن مثال ہے جو آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ثابت ہوتی رہے گی اور ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔
ایم ایم عالم طویل علالت کے بعد 18 مارچ 2013 کو خالقِ حقیقی سے جا ملے تھے۔ انہیں پی اے ایف بیس مسرور کراچی کے شہدا قبرستان میں سپردِ خاک کیا گیا تھا۔
آج ان کی برسی کے موقع پر ملک بھر میں خصوصی تقاریب کا انعقاد کیا جا رہا ہے جن میں ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔