تہران: ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران پر جتنا زیادہ دباؤ ڈالا جائے گا، اس کا ردعمل بھی اتنا ہی سخت ہوگا۔
اپنے بیان میں ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ ایران دھمکیوں، ناانصافی اور جارحیت کے سامنے کبھی سر نہیں جھکائے گا اور دشمن کے منصوبوں کو ناکام بنا دے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایران اپنی خودمختاری اور مفادات کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور کسی بھی دباؤ کو قبول نہیں کرے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی مسعود پزشکیان نے کہا تھا کہ ایران خطے کے ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات کا خواہاں ہے، تاہم اس کا یہ مؤقف امریکا کے مقابلے میں ایران کے حق دفاع سے دستبردار ہونے کا مطلب نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران نے اپنے ہمسایہ ممالک کو نشانہ نہیں بنایا بلکہ خطے میں موجود امریکی فوجی اڈوں اور تنصیبات پر حملے کیے ہیں۔