چین کا ایران پر امریکی و اسرائیلی حملوں کی مخالفت، فوری جنگ بندی کا مطالبہ
بیجنگ:چین نے ایران پر امریکا اور اسرائیل کے حملوں کی سخت مخالفت کرتے ہوئے فوری طور پر جنگی کارروائیاں روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ طاقت کا استعمال خطے کے مسائل کا حل نہیں بلکہ اس سے کشیدگی مزید بڑھ سکتی ہے۔
چین کے وزیر خارجہ وانگ ای نے کہا کہ یہ جنگ ہونی ہی نہیں چاہیے تھی اور موجودہ صورتحال خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے، طاقت کے استعمال سے کسی بھی مسئلے کا دیرپا حل نہیں نکلتا اور اس طرح کی کارروائیاں حالات کو مزید پیچیدہ بنا دیتی ہیں۔
وانگ ای نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ایران میں حکومت کی تبدیلی سے متعلق کسی بھی منصوبے کو عالمی سطح پر پذیرائی حاصل نہیں ہوئی، بیرونی دباؤ یا فوجی طاقت کے ذریعے کسی ملک کے سیاسی نظام کو تبدیل کرنے کی کوششیں بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کے خلاف ہیں۔
چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ خطے میں امن برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ ایران اور خلیجی ممالک کی سلامتی اور خودمختاری کا مکمل احترام کیا جائے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ جنگ کے دائرے کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بڑی طاقتوں کو چاہیے کہ وہ کشیدگی بڑھانے کے بجائے تعمیری اور ذمہ دارانہ کردار ادا کریں تاکہ خطے میں استحکام برقرار رکھا جا سکے، ایران پر جاری حملے فوری طور پر بند کیے جائیں اور مسائل کے حل کے لیے سفارتی راستہ اختیار کیا جائے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل روس بھی ایران پر امریکا اور اسرائیل کی کارروائیوں کی مذمت کر چکا ہے اور ماسکو نے بھی فوری طور پر حملے روکنے کا مطالبہ کیا تھا۔