انگلینڈ کے خلاف لارڈز ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں پاکستان کے تجربہ کار فاسٹ باؤلر محمد عباس نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 57 رنز دے کر 5 انگلش کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھا دی۔
اس کارکردگی کے ساتھ محمد عباس لارڈز کے تاریخی میدان پر ایک اننگز میں 5 وکٹیں لینے والے 7ویں پاکستانی باؤلر بن گئے ہیں۔
سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے 36 سالہ فاسٹ باؤلر نے 22 اوورز کرائے، جن میں 3 میڈن اوورز بھی شامل تھے، اور اپنی نپی تلی باؤلنگ سے انگلش بلے بازوں کو مشکلات سے دوچار کیے رکھا۔
محمد عباس کے ٹیسٹ کیریئر کا یہ 32واں میچ ہے، جبکہ 57 اننگز میں یہ 8واں موقع ہے جب انہوں نے ایک اننگز میں 5 یا اس سے زائد وکٹیں حاصل کی ہیں۔
محمد عباس نے اپریل 2017 میں کنگسٹن، جمیکا میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا۔ وہ اپنی نپی تلی اور عمدہ باؤلنگ کے باعث ٹیسٹ کرکٹ میں نمایاں مقام رکھتے ہیں۔
اب تک محمد عباس نے ٹیسٹ کرکٹ میں 1121.3 اوورز کراتے ہوئے 128 وکٹیں حاصل کی ہیں، جبکہ ان کی باؤلنگ اوسط 22.25 رنز فی وکٹ ہے۔
