ترک بحریہ نے صومالی مسلح افواج کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے صومالی پانیوں میں قزاقوں کے قبضے سے ایک بحری جہاز بازیاب کرا لیا، کارروائی کے دوران 14 قزاق ہلاک ہوئے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق صومالی حکومت نے بتایا کہ ترک بحریہ اور صومالی فورسز نے 10 روز تک جاری رہنے والے آپریشن کے بعد اغوا کیے گئے بحری جہاز ایم وی لطوف (MV LATUF) کا کنٹرول حاصل کرلیا۔
صومالی وزارتِ دفاع کے مطابق آپریشن کے دوران قزاقوں کے زیر استعمال 4 کشتیاں تباہ کی گئیں، جبکہ مسلسل فوجی دباؤ کے نتیجے میں باقی قزاق جہاز چھوڑ کر فرار ہونے پر مجبور ہوگئے۔
صومالی حکام کے مطابق فورسز نے جہاز کو محفوظ بنانے کے بعد اسے دوبارہ سفر کی اجازت دے دی، جبکہ جہاز نے بحفاظت اپنا سفر دوبارہ شروع کردیا ہے۔
صومالیہ کی نیم خودمختار ریاست پنٹ لینڈ کے ذرائع کے مطابق جہاز پر عملے کے کم از کم 8 ارکان سوار تھے، جن میں ایک ترک شہری بھی شامل تھا۔
میرین ٹریفک کے ڈیٹا کے مطابق کیمرون کے پرچم تلے چلنے والا یہ جہاز جولائی کے اواخر میں ترکیہ سے تنزانیہ کی بندرگاہ دارالسلام کے لیے روانہ ہوا تھا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ جہاز پر ترک ساختہ ہتھیار بھی لدے ہوئے تھے، تاہم صومالی حکام یا پنٹ لینڈ انتظامیہ نے ان اطلاعات کی تصدیق یا تردید نہیں کی۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق ترک اور صومالی فورسز کی مشترکہ کارروائی دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے دفاعی تعاون کے معاہدے کے تحت کی گئی۔