صحبت پور میں ٹماٹر 550 روپے کلو کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

صحبت پور ضلع بھر میں ٹماٹر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے اور مارکیٹ میں 550 سے 600 روپے فی کلو تک فروخت ہونے لگا ہے، جس کے باعث دکانداروں اور گاہکوں میں آئے روز تو تو میں میں ہو رہی ہے۔ ٹماٹر کی قیمتیں اتنی بڑھ چکی ہیں کہ لوگوں نے متبادل کے طور پر کیچ اپ اور کھٹا ملی کا استعمال شروع کر دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی روزمرہ استعمال کی دیگر سبزیاں بھی 200 سے 300 روپے کلو، آم 300 روپے کلو اور گھی 700 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے، جس سے غریب کی چیخیں نکل گئی ہیں اور کئی چولہے ٹھنڈے ہو گئے ہیں۔ اس سنگین صورتحال کے باوجود پرائس کنٹرول کمیٹی مارکیٹ سے بالکل لاپتہ ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ سب کچھ ٹھیک ہونے کے دعوے کرتے ہوئے صرف فوٹو سیشن تک محدود ہو چکی ہے۔تفصیلات کے مطابق ضلعی ہیڈ کوارٹر صحبت پور سمیت تحصیل پہنور سنہڑی، تحصیل مانجھی پور، تحصیل سعید خان، تحصیل حیردین، تحصیل فرید آباد اور نیو تحصیل جیا خان کھوسو کے علاقوں میں مہنگائی کا طوفان آیا ہوا ہے۔ عام سبزیوں کے ساتھ ساتھ پھلوں کا بادشاہ آم بھی عوام کی قوتِ خرید سے باہر ہو چکا ہے اور تقریبا 80 فیصد لوگوں کے گھروں میں فاقہ کشی کی نوبت آ چکی ہے۔ گوشت تو غریب کی پہنچ سے پہلے ہی دور تھا، اب چینی اور گندم کا آٹا بھی ناپید ہو چکا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سب کچھ ٹھیک بتایا جاتا ہے جبکہ زمینی حقائق اس کے بالکل برعکس ہیں۔ اس بدانتظامی پر صحبت پور کے سیاسی و سماجی حلقوں نے وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی، چیف سیکریٹری بلوچستان شکیل قادر خان اور دیگر اعلی حکام سے فوری نوٹس لینے اور گراں فروشوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی پرزور اپیل کی ہے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. AcceptRead More

https://www.googletagmanager.com/gtag/js?id=G-HFZSG9BN9P