وزیراعظم سے عباس عراقچی کی ملاقات، ایرانی قیادت کے موقف سے آگاہ کیا – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

وزیراعظم سے عباس عراقچی کی ملاقات، ایرانی قیادت کے موقف سے آگاہ کیا

وزیراعظم شہباز شریف سے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ملاقات کی ہے جس دوران عباس عراقچی نے وزیراعظم کو ایرانی قیادت کے مؤقف سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔

 

ذرائع کے مطابق وزیراعظم اور عباس عراقچی کے درمیان ہونے والی ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی شریک تھے ۔ملاقات میں خطے کی موجودہ صورتحال اور دوطرفہ تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

 

عباس عراقچی نے وزیراعظم کو ایرانی قیادت کے مؤقف سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا،ایران نے امریکا کے ساتھ مذاکراتی امور پر خدشات سے متعلق پاکستانی قیادت کو اعتماد میں لیا ۔

 

وزیراعظم شہباز شریف نے خطے میں امن و استحکام کیلئے سفارتی کوششوں کے فروغ پر زور دیا، پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

 

ملاقات میں خطے میں کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کے تسلسل کی اہمیت پر زوردیا گیا ۔ وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرتا رہے گا،ایرانی وزیر خارجہ نے پاکستان کی سفارتی کاوشوں کو سراہا۔

 

دونوں ممالک نے امن، استحکام اور بات چیت کے ذریعے مسائل کے حل پر اتفاق کیا۔

 

یاد رہے کہ اس سے قبل ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات ہوئی۔

 

ایرانی سفارتخانےکی جانب سےجاری بیان میں کہا گیا کہ ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نےپہلی باضابطہ ملاقات فیلڈمارشل عاصم منیرسےملاقات کی، ملاقات میں وزیر داخلہ محسن نقوی اور قومی سلامتی کے مشیر عاصم ملک بھی موجود تھے۔

 

ذرائع کا بتانا ہےکہ ایران کے نائب وزیرخارجہ غریب آبادی، اسلام آباد میں ایران کے سفیر امیری مقدم اور ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی بھی ملاقات میں موجود تھے۔

 

یاد رہےکہ ایران کے وزیرخارجہ عباس عراقچی گزشتہ روز مختصر وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچے تھے،ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی آج وزیراعظم سمیت دیگر اعلیٰ قیادت سے ملیں گے،دوسری جانب امریکا نے اپنے نمائندے اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر کے پاکستان آنے کی بھی تصدیق کردی ہے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.