پاکستان نے فوجی عدالتوں سے شہریوں کو ملنے والی سزاؤں پر بین الاقوامی ردعمل کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اپنے اندرونی مسائل کا حل جانتا ہے، پاکستان کی سیکیورٹی کے فیصلے پاکستانی قوم کرے گی، کسی بیرونی مداخلت کی ضرورت نہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے فوجی عدالتوں سے متعلق یورپی یونین کے تحفظات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے آئین اور عدالتوں میں اندرونی معاملات حل کرنے کی مکمل صلاحیت موجود ہے، پاکستانی قوم اپنے اندرونی مسائل کو حل کرنا جانتی ہے اور اس معاملے میں کسی بیرونی مداخلت کی ضرورت نہیں ہے۔
انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی کے فیصلے پاکستانی قوم کرے گی اور کسی بیرونی دباؤ کا اثر نہیں ہونے دے گی۔
واضح رہے کہ امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ اسے اس بات پر گہری تشویش ہے کہ 9 مئی 2023 کو کیے گئے احتجاجی مظاہروں میں ملوث ہونے پر ایک فوجی ٹربیونل نے پاکستانی شہریوں کو سزا سنائی ہے، ان فوجی عدالتوں میں عدالتی آزادی، شفافیت اور مناسب طریقہ کار کی ضمانتوں کا فقدان ہے۔